بارکھان: ڈپٹی کمشنر سعید الرحمن کاکڑ کی زیرِ صدارت امن و امان کا جائزہ اجلاس

بارکھان: ڈپٹی کمشنر سعید الرحمن کاکڑ کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی (DCC) اور ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کوآرڈینیشن کمیٹی (DICC) کے الگ الگ اجلاس منعقد ہوئے، جن میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاسوں میں ضلع بارکھان کی مجموعی صورتحال، امن و امان، سکیورٹی انتظامات، بین الادارہ جاتی رابطوں اور مختلف انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے، باہمی تعاون اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے درپیش مسائل کے حل سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر سعید الرحمن کاکڑ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں امن و امان کا قیام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری سنجیدگی اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ اداروں کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے، سکیورٹی امور میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے اور عوامی مفاد سے متعلق معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ امن و امان کے قیام اور ضلع کی مجموعی بہتری کے لیے تمام اداروں کا مشترکہ کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں اور جاری کردہ ہدایات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔











