آل پارٹیز اور تاجران کی کال پر بلوچستان کے اکثر اضلاع میں شٹرڈاؤن ہڑتال

کوئٹہ: آل پارٹیز اور مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کی اپیل پر جمعرات کو کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اکثر اضلاع میں شٹرڈاؤن ہڑتال رہی۔
ہڑتال کی کال صوبے میں دہشت گردی، امن و امان کی بدترین صورتحال، عوام کے قومی وسائل اور معدنی ذخائر پر ناجائز قبضے، تجارتی راستوں کی بندش اور شاہراہوں پر مسلح دہشت گرد عناصر کے تسلط کے خلاف دی گئی تھی۔
احتجاج میں تاجروں کی مال بردار گاڑیوں اور ٹرالروں کو نذرِ آتش کرنے، سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف غیر جمہوری اقدامات، گرفتاریوں اور بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف آواز بھی شامل تھی۔
کوئٹہ شہر میں جناح روڈ، قندھاری بازار، سورج گنج بازار، مسجد روڈ، علی بھائی روڈ، تھانہ روڈ، لیاقت بازار، عبدالستار روڈ، پرنس روڈ، میکانگی روڈ، مشن روڈ، علمدار روڈ اور طوغی روڈ سمیت دیگر علاقوں میں کاروباری مراکز اور دکانیں بند رہیں۔
ہڑتال کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس نے سخت حفاظتی اقدامات کیے۔ شہر میں پولیس کے مسلح دستے گشت کرتے رہے، جبکہ مختلف بازاروں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔










