خیبرپختونخوا میں جے یو آئی کے 800 سے زائد کارکن گرفتار، جماعت کا دعویٰ

پشاور: جمعیت علمائے اسلام نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں سے اس کے 800 سے زائد کارکنوں اور عہدیداروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
جے یو آئی کے ترجمان عبدالجلیل جان کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے جے یو آئی کے 800 سے زائد عہدیداروں اور کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ گرفتار افراد کو مختلف تھانوں اور جیلوں میں رکھا گیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں مولانا فضل علی، مفتی فضل غفور، مفتی ناصر محمود، نورالاسلام اور اعجاز خان شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان سے 46، لوئر کوہستان سے 21، مردان سے 125، نوشہرہ سے 80، کوہاٹ سے 16، بونیر سے 121 اور صوابی سے 300 کارکن گرفتار ہیں۔ سوات سے 23، مانسہرہ سے 17، شانگلہ سے 58 اور دیر پائین سے 3 کارکن حراست میں لیے گئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ایف آئی آر میں درج کارکنوں اور عہدیداروں کی گرفتاریوں کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔











