ٹرمپ کا پوتن سے یورپ میں فوجی جارحیت روکنے کا مطالبہ، یوکرین جنگ جلد ختم ہونے کی امید

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے یورپ بھر میں فوجی جارحیت روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہیں امید ہے کہ یوکرین کے ساتھ جاری جنگ جلد اپنے انجام کو پہنچے گی۔
فلوریڈا میں اپنی رہائش گاہ مارا لاگو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے روس کو واضح پیغام دیا ہے کہ یورپ میں عسکری کشیدگی اور جارحیت کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کے خاتمے کے لیے کسی معاہدے تک پہنچنے کی راہ میں ایک بڑا مسئلہ یہ ہے کہ روسی صدر پیوٹن اور یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی ایک دوسرے سے شدید مخالفت اور نفرت رکھتے ہیں، جس کے باعث براہِ راست تفہیم مشکل ہو رہی ہے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق سفارتی رابطوں اور مذاکرات کے ذریعے فریقین کو قریب لانے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ خطے میں استحکام بحال ہو سکے اور مزید جانی و مالی نقصان روکا جا سکے۔











