ریفرنڈم کے ذریعے آئین میں ترمیم نہیں کی جا سکتی: نیئر بخاری

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ ریفرنڈم کے ذریعے آئین میں ترمیم نہیں کی جا سکتی۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون سازی کا اختیار پارلیمان کے پاس ہے، صوبے بنانے یا آئینی ترمیم کرنے کے لیے آئینی طریقہ کار اختیار کیا جائے تو پیپلز پارٹی کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں کیا قانون سازی ہوگی، اس بارے میں انہیں علم نہیں، تاہم پارلیمانی سال کے مقررہ دن مکمل کرنے کے لیے طویل سیشن بلایا جا رہا ہے۔ اگر حکومت اس معاملے میں سنجیدہ ہے تو پارلیمانی قیادت سے بات چیت کرے۔
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ماضی میں ہونے والے ریفرنڈم جمہوری ادوار میں نہیں ہوئے، جنرل پرویز مشرف کے دور میں بھی ریفرنڈم اس وقت ہوا جب آئین معطل تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے بنانے یا آئین میں ترمیم کے لیے آئینی تقاضے پورے کیے جانے چاہئیں۔
نیئر بخاری نے کہا کہ اس معاملے پر پیپلز پارٹی کا موقف سامنے آ چکا ہے۔











