مریم نواز ہانگ کانگ پہنچ گئیں، نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ سمٹ میں 30 نومبر کو کلیدی خطاب کریں گی

ہانگ کانگ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اپنے وفد کے ہمراہ ہانگ کانگ پہنچ گئی ہیں، جہاں وہ 30 نومبر کو نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ سمٹ میں کلیدی خطاب کریں گی۔ ایکسپریس کے مطابق ایشیا میں یہ سمٹ پہلی بار منعقد ہو رہا ہے۔
سمٹ کے چیئرمین پیٹر نوبل نے انہیں خصوصی طور پر کلیدی خطاب کی دعوت دی۔ اپنے خط میں انہوں نے پنجاب میں ماحولیاتی تحفظ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ پائیدار ترقی کے لیے عملی طریقہ کار اپنانے کا تجربہ عالمی برادری کے لیے مفید ہوگا۔
چیئرمین کے مطابق پنجاب کے وفد کی شرکت سے سمٹ کے مباحثے مؤثر ہوں گے اور عالمی تعاون کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ساتھ طویل المدتی تعاون کے خواہاں ہیں۔ پنجاب کے وفد کا ہانگ کانگ میں ٹرسٹ کے حکام نے استقبال کیا۔
مریم نواز نے چیئرمین کے خط پر ردعمل میں کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے پنجاب کے اقدامات کا اعتراف باعث اطمینان ہے۔ ان کے مطابق گرین ٹرانسپورٹ، فیول گاڑیوں کی سرکاری خریداری پر پابندی اور فضائی معیار بہتر بنانے کے اقدامات مؤثر ثابت ہو رہے ہیں، جبکہ جنگلات میں آتشزدگی کی پیشگی وارننگ کا جدید نظام بھی بڑی کامیابی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹرسٹ کے ساتھ اشتراک خوش آئند ہوگا اور دنیا پنجاب کے اقدامات کی معترف ہے، جو صوبے کے عوام کے لیے بڑا اعزاز ہے۔
سمٹ میں سربراہان مملکت، اہم وزرا، عالمی تنظیموں کے نمائندے، نوبل خاندان کے افراد اور سائنس دان شریک ہیں۔











