وزیراعظم شہباز شریف آج چار روزہ دورے پر روس روانہ ہوں گے

وزیراعظم محمد شہباز شریف آج (پیر) کو روس کے اہم سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔ یہ دورہ 30 نومبر سے 3 دسمبر تک جاری رہے گا۔ وزیراعظم روسی صدر ولادیمیر پوتن کی دعوت پر ماسکو کا دورہ کریں گے۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اور اعلیٰ سرکاری حکام ہوں گے۔ اعلیٰ عسکری قیادت کی بھی پاکستانی وفد میں شمولیت متوقع ہے۔
پوتن سے ملاقات اور اہم شعبے
دورے کے دوران کریملن میں وزیراعظم شہباز شریف کی روسی صدر ولادیمیر پوتن سے اہم ملاقات متوقع ہے۔ اس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوگی۔ علاقائی اور عالمی صورتحال بھی زیرِ غور آئے گی۔
وزیراعظم کی روسی وزیراعظم میخائل میشوستن سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ روسی نائب وزیراعظم الیکسی اوورچک اور وفاقی وزرا سے ملاقاتیں بھی مجوزہ شیڈول میں شامل ہیں۔
یکم دسمبر کو وزیراعظم روس میں زیرِ تعلیم پاکستانی طلبہ سے ملاقات کریں گے، جو شام 5 بجے مقرر ہے۔ 2 دسمبر کو وزیراعظم ماسکو کے اربات ہال میں منعقدہ پاکستان روس بزنس فورم میں شرکت کریں گے۔ فورم میں دونوں ممالک کی اہم کاروباری اور صنعتی شخصیات شریک ہوں گی۔
دورے کے دوران تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، ٹرانسپورٹ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت متعدد اہم معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔ ثقافت، میڈیا اور امورِ نوجوانان سمیت دیگر شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے جائیں گے۔
وزیراعظم کا سینٹ پیٹرزبرگ کا دورہ بھی مجوزہ شیڈول میں شامل ہے، جہاں شہر کے گورنر سے ملاقات متوقع ہے۔ وزیراعظم کے دورۂ روس کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔











