امریکی میرین کے سابق اہلکار کا لاکھوں گولیاں اور میزائل سسٹم چوری کرنے کا اعتراف

لاس اینجلس: امریکی میرین کور کے ایک سابق اہلکار نے فوجی تنصیبات سے لاکھوں گولیاں، راکٹ لانچرز اور متعدد میزائل سسٹم چوری کر کے منافع کے لیے فروخت کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ اعتراف عدالتی ریکارڈ کا حصہ ہے۔
سابق میرین کارپورل اینڈریو پال اماریلاس نے 2022 سے 2025 کے دوران کیلیفورنیا کے کیمپ پینڈلٹن میں واقع اسکول آف انفنٹری ویسٹ سے بڑی مقدار میں امریکی فوجی گولہ بارود اور ہتھیار چوری کرنے کا اقرار کیا۔
عدالتی معاہدے کے مطابق ملزم نے 10 لاکھ سے 20 لاکھ تک گولیاں چوری کرنے کے علاوہ متعدد راکٹ لانچرز اور کئی جیولین میزائل سسٹم بھی چوری کرنے کا اعتراف کیا۔ اس نے چوری شدہ سامان کی منتقلی اور سرکاری دستاویزات میں جعل سازی کے لیے کم از کم 3 دیگر میرین اہلکاروں کو بھی اپنے ساتھ شامل کیا۔
رپورٹ کے مطابق ملزم چوری شدہ سامان کیلیفورنیا سے ایریزونا میں واقع اپنے گھر منتقل کرتا رہا۔ امریکی قوانین کے تحت اسے اس جرم میں زیادہ سے زیادہ 10 سال قید کے ساتھ لاکھوں ڈالر کے ہرجانے کی ادائیگی بھی کرنا پڑ سکتی ہے۔











