سوراب: اسسٹنٹ کمشنر گدر عبدالجبار بلوچ کا DHQ ہسپتال کا اچانک دورہ، طبی سہولیات کا جائزہ
سوراب: 19 نومبر۔ ڈپٹی کمشنر سوراب صاحبزادہ نجیب اللہ کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر گدر عبدالجبار بلوچ نے نائب تحصیلدار ایوب حسن کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (DHQ) ہسپتال سوراب کا اچانک دورہ کیا۔
دورے کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات، ایمرجنسی وارڈ، او پی ڈی، ادویات کی دستیابی، طبی سہولیات، صفائی ستھرائی اور عملے کی حاضری کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے حوالے سے ان کی آراء بھی معلوم کیں۔
ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ مریضوں کو بہتر، بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
اس کے ساتھ ساتھ ادویات کی دستیابی، صفائی کے نظام اور دیگر انتظامی امور کو مزید مؤثر اور بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو علاج معالجے کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر آ سکیں۔











