اقوام متحدہ میں بھارتی الزامات مسترد، دفتر خارجہ کا سخت ردعمل

اسلام آباد: پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کو بے بنیاد، غیر ذمہ دارانہ اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے دوٹوک انداز میں مسترد کر دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کے الزامات توجہ کے مستحق نہیں، پاکستانی نمائندے نے اسی اجلاس میں مؤثر جواب دیا، جبکہ نئی دہلی کے بیانات پاکستان کے اندرونی معاملات میں ناقابل قبول مداخلت کے مترادف ہیں۔
آبی وسائل اور دہشت گردی کے الزامات
ترجمان کے مطابق بھارت پاکستان کے آبی وسائل کے خلاف اپنی آبی جارحیت پر اٹھائے گئے جائز تحفظات کا جواب دینے کے بجائے پاکستانی اداروں اور قیادت پر بے بنیاد الزامات عائد کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معدنی وسائل کی ترقی کی مخالفت اور ملک کے استحکام کو متاثر کرنے کی بھارتی کوششیں بھی واضح ہیں۔
ترجمان نے الزام عائد کیا کہ بھارت بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گرد سرگرمیوں کی سرپرستی اور معاونت کر رہا ہے اور پاکستان کے پاس اس حوالے سے شواہد موجود ہیں۔ ان کے مطابق دہشت گردی کے ذریعے پاکستان میں ترقیاتی عمل کو روکنے اور مقامی آبادی کو قدرتی وسائل سے حاصل ہونے والے فوائد سے محروم رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت اپنی عالمی تنہائی اور اندرونی حالات سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات اور حقائق کو مسخ کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں ہندوتوا سے متاثر انتہا پسندی اور مذہبی بنیاد پرستی پر مبنی نظام پوری دنیا کے سامنے ہے، جہاں مسلمان، سکھ، مسیحی اور دلت اقلیتیں منظم امتیازی سلوک کا سامنا کر رہی ہیں۔
سندھ طاس معاہدہ اور کشمیر
ترجمان نے سندھ طاس معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کا اقدام مشترکہ آبی وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ بدستور نافذ العمل ہے اور تمام فریقین اس کے پابند ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ثالثی عدالت نے 31 اگست 2026 کے متفقہ فیصلے میں قرار دیا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی یا خاتمے کی کوئی قانونی بنیاد موجود نہیں۔ بھارت کی جانب سے اس فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار بین الاقوامی قانون اور معاہدوں کی پاسداری سے متعلق سنجیدہ سوالات کو جنم دیتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت کو اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم کو بے بنیاد الزامات کے لیے استعمال کرنے کے بجائے مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کئی دہائیوں سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے منشور، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور ہمسایہ ممالک کی خودمختاری کی مسلسل خلاف ورزی کرنے والے بھارت کو دوسروں پر انگلی اٹھانے کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے بھارت پر ریاستی پالیسی کے طور پر گمراہ کن پروپیگنڈے اور دہشت گردی میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی کو اپنے طرز عمل کا جائزہ لے کر اسے تبدیل کرنا چاہیے۔











