لورالائی: بے نظیر وومن ہسپتال میں پہلی نارمل ڈلیوری، ڈاکٹر زرینہ خان ڈپٹی ایم ایس تعینات

لورالائی: ضلع لورالائی کی طبی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے، جہاں بے نظیر وومن ہسپتال لورالائی میں پہلی مرتبہ نارمل ڈلیوری کے ذریعے بچے کی پیدائش ہوئی۔
کامیاب ڈلیوری کے بعد ہسپتال کو زچہ و بچہ کی صحت اور بچوں کی پیدائش کے حوالے سے باقاعدہ طور پر مکمل فعال کر دیا گیا ہے۔ خوش آئند امر یہ ہے کہ ڈلیوری کے بعد ماں اور نومولود دونوں کی صحت تسلی بخش ہے۔
ڈپٹی ایم ایس کی تعیناتی
اس موقع پر ڈاکٹر زرینہ خان موسیٰ خیل کو ہسپتال کی پہلی ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ڈپٹی ایم ایس) تعینات کیا گیا ہے، جو خواتین کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی اور ہسپتال کے انتظامی و طبی امور کی نگرانی کریں گی۔
تقریب میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹیچنگ ہسپتال لورالائی ڈاکٹر نقیب اللہ نیازی، ڈپٹی ایم ایس بے نظیر وومن ہسپتال ڈاکٹر زرینہ خان موسیٰ خیل، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فہیم خان، ایڈمن آدم خان ملازئی اور دیگر طبی و انتظامی عملہ بھی موجود تھا۔
نارمل ڈلیوری کی سہولت
بے نظیر وومن ہسپتال میں نارمل ڈلیوری کی سہولت کا باقاعدہ آغاز لورالائی اور گردونواح کی خواتین کے لیے ایک اہم طبی پیش رفت ہے۔ اس سے قبل زچگی کے لیے خواتین کو دیگر طبی مراکز کا رخ کرنا پڑتا تھا، تاہم اب ہسپتال میں زچہ و بچہ کی دیکھ بھال اور نارمل ڈلیوری کی سہولیات مقامی سطح پر دستیاب ہوں گی، جس سے خواتین کو ان کی دہلیز پر بہتر طبی سہولیات میسر آئیں گی۔
اس اہم پیش رفت پر طبی حلقوں اور شہریوں کی جانب سے اطمینان کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ہسپتال کو فعال بنانے، پہلی نارمل ڈلیوری کی کامیابی اور خواتین کے لیے طبی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر نقیب اللہ نیازی، ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر زرینہ خان موسیٰ خیل، ڈی ایچ او ڈاکٹر فہیم خان اور ان کی پوری ٹیم کی کاوشیں قابلِ ذکر ہیں۔
ہسپتال کی فعالیت سے نہ صرف لورالائی بلکہ ملحقہ علاقوں کی خواتین کو بھی علاج معالجے، زچگی اور نومولود بچوں کی نگہداشت کے لیے بہتر سہولیات میسر آنے کی امید ہے، جو علاقے میں صحت عامہ کی بہتری کی جانب ایک اہم قدم ہے۔











