لورالائی: ڈپٹی کمشنر حسیب شجاع کی صدارت میں ضلعی انٹیلی جنس رابطہ کمیٹی کا اجلاس
لورالائی: ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع کی زیرِ صدارت ضلعی انٹیلی جنس رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، شہریوں کے تحفظ، سیکیورٹی انتظامات، خفیہ معلومات کے تبادلے اور جرائم کی روک تھام سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اغوا اور چوری کی روک تھام
اجلاس کے دوران بالخصوص اغوا برائے تاوان، بچوں کے اغوا، چوری اور دیگر جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کی روک تھام پر خصوصی توجہ دی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان کو ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی کے لیے مؤثر انٹیلی جنس نظام کو فعال بنایا جائے اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر بروقت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد حسیب شجاع نے کہا کہ ضلع میں امن و امان کا قیام اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ باہمی رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنائیں، معلومات کے بروقت تبادلے کو یقینی بنائیں اور جرائم کی پیشگی روک تھام کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت اقدامات کریں۔
قانونی کارروائی اور تحفظ
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ اغوا برائے تاوان، بچوں کے اغوا اور چوری کی وارداتوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے، مشتبہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور عوامی تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کو قانون کی گرفت میں لانے اور ضلع میں پائیدار امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری مستعدی اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں تاکہ شہری بلاخوف و خطر اپنی روزمرہ زندگی گزار سکیں۔











