کردگاپ میں حملے میں میجر سمیت دو فوجی اہلکار ہلاک، کولپور میں آٹھ عسکریت پسند مارے جانے کا دعویٰ

کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے کردگاپ میں عسکریت پسندوں کے حملے میں پاک فوج کے ایک میجر سمیت دو اہلکار ہلاک ہو گئے۔ بی بی سی اردو کے مطابق یہ واقعہ 14 نومبر کو پیش آیا۔
دوسری جانب فوج نے ضلع کچھی کے علاقے کولپور میں کارروائی کے دوران آٹھ عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق 13 اور 14 نومبر کی درمیانی شب ہونے والی اس کارروائی میں مارے جانے والوں میں ایک خودکش حملہ آور بھی شامل تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز کولپور، کردگاپ اور نوشکی میں انٹیلیجنس کی بنیاد پر آپریشن کر رہی ہیں۔ ان کارروائیوں کا مقصد علاقے میں سکیورٹی برقرار رکھنا اور کوئٹہ تفتان شاہراہ پر ٹریفک کی روانی یقینی بنانا ہے۔
اشتہار











