آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکر دھماکے کے بعد رک گئے، ایرانی پاسداران کا دعویٰ

تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے سے گزرنے والے دو آئل ٹینکر گذشتہ رات ایک شدید دھماکے کے بعد رک گئے۔
پاسداران انقلاب کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق دونوں جہاز سپر ٹینکر تھے اور ان میں مجموعی طور پر 40 لاکھ بیرل سے زیادہ خام تیل موجود تھا۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ دونوں ٹینکروں نے آبنائے ہرمز میں سفر سے متعلق ایرانی حکام کی متعدد انتباہی ہدایات کو نظرانداز کیا اور ایک ایسا راستہ اختیار کیا جسے تہران غیر محفوظ اور غیر مجاز قرار دیتا ہے۔
ایران کا موقف ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کو اس کی جانب سے مقرر کردہ بحری راستوں پر عمل کرنا چاہیے۔
ایرانی حکام کے مطابق بعض کارگو جہاز اور آئل ٹینکر حالیہ پابندیوں اور ضوابط سے بچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کر رہے ہیں، جنھیں تہران قانونی حیثیت حاصل نہ ہونے کا دعویٰ کرتا ہے۔
تاہم ایرانی حکام نے تاحال یہ نہیں بتایا کہ دھماکے کی نوعیت کیا تھی، اس واقعے میں کوئی جانی نقصان ہوا یا نہیں، اور جہازوں کو کتنا نقصان پہنچا ہے۔











