مسجد الحرام کے قریب حوثیوں کے دو بیلسٹک میزائل سعودی فضائی دفاع نے تباہ کر دیے

ریاض: سعودی عرب کا دعویٰ ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے مکہ مکرمہ کے علاقے کی جانب آنے والے دو بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے، تاہم ان کا ملبہ علاقے کے دو مقامات پر گرا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی سول ڈیفنس نے بتایا کہ میزائلوں کو روکنے کے بعد ان کا ملبہ مکہ مکرمہ کے نواحی علاقوں میں گرا۔ سعودی سرکاری ٹیلی وژن نے ان مقامات کی نشاندہی کی۔
ایک مقام صبوحہ گاں ہے جو مسجد الحرام سے تقریباً 35 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔ دوسرا مقام وادی المغمس ہے جو مسجد الحرام سے تقریباً 21 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔
سعودی سول ڈیفنس کے مطابق میزائل مکہ مکرمہ کے علاقے کی جانب داغے گئے تھے۔ ادارے نے جمعرات کی علی الصبح جاری بیان میں اس واقعے کا الزام حوثی ملیشیا پر عائد کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ شہری مقامات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے اور یہ حوثیوں کے خطرناک جارحانہ رویے کی عکاسی کرتا ہے۔
تاحال میزائل داغے جانے کے ذمہ داروں سے متعلق سعودی عرب کے الزام پر حوثیوں کا ردعمل سامنے نہیں آیا، اور نہ ہی واقعے کی آزادانہ تصدیق ہوئی ہے۔











