نوشکی اور کالپور میں کارروائی، 8 دہشت گرد ہلاک، میجر اور حوالدار شہید

راولپنڈی: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 8 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، جبکہ دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے میجر اور حوالدار شہید ہو گئے۔
ہفتہ کو آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ 13 نومبر سے کالپور، کردگاپ اور نوشکی کے گردونواح میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔
13 اور 14 نومبر کی درمیانی شب کالپور میں کارروائی کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ علاقے میں سکیورٹی برقرار رکھنے کے لیے کوئٹہ-تفتان قومی شاہراہ این 40 پر گشت جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 14 نومبر کو فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے گشت پر مامور فوجی گاڑیوں کو مسلح کواڈ کاپٹرز سے نشانہ بنایا۔ حملے میں میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان جام شہادت نوش کر گئے۔ میجر عمر منہاس ناصر کا تعلق ضلع چکوال سے جبکہ حوالدار محمد عدنان خان کا تعلق کوٹلی ستیاں سے تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت اور دیگر دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی پشت پناہی سے فتنہ الہندوستان ڈرونز، آئی ای ڈیز اور دیگر جدید تکنیکی ذرائع استعمال کر رہا ہے۔ بھارت اسے مکمل مالی معاونت اور جدید ترین آلات فراہم کر رہا ہے۔
سیکیورٹی فورسز بدلتے ہوئے خطرات سے مکمل طور پر آگاہ ہیں اور دہشت گردوں کو کسی صورت کوئی جگہ نہیں دی جائے گی، چاہے وہ کوئی بھی راستہ اختیار کریں۔ قومی ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔
صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا خراجِ تحسین
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے 8 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہدا کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے ہمارے سکیورٹی اداروں کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کالپور، کردگاپ اور نوشکی میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کارروائیوں میں ایک خودکش بمبار سمیت 8 دہشت گرد جہنم واصل ہوئے۔ انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ دشمن معصوم شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنا کر خطے کا امن سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم ہماری مسلح افواج دشمن کے ہر ناپاک منصوبے کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے شہید میجر عمر منہاس ناصر اور شہید حوالدار عدنان خان کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کے خون کا ایک ایک قطرہ وطن کے تحفظ کی ضمانت ہے۔ انہوں نے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔











