بانی پی ٹی آئی کا بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ سے ملاقات سے انکار

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ سے ملاقات سے انکار کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بانی سے سینئر وکلا سردار لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کی ملاقات کی مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کی وکلا سے ملاقات کرانے میں چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کوئی کردار نہیں تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ عمران خان نے اس سے قبل بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ سے ملاقات کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
حالیہ ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی نے وکلا کو ہدایت کی کہ سلمان اکرم راجہ سے ان کے مقدمات واپس لے لیے جائیں۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے آئندہ کے مذاکرات کی ذمہ داری سینئر رہنما سردار لطیف کھوسہ اور پارٹی کی پارلیمانی قیادت کو سونپ دی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس اہم ملاقات اور نئی ہدایات کے بعد پی ٹی آئی کے بنیادی تنظیمی ڈھانچے میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں۔











