رَّبِّ ارْحَمْهُمَا كَمَا رَبَّيَانِي صَغِيرًا اے میرے رب! ان دونوں پر رحم فرما جیسے انہوں نے بچپن میں مجھے پالا بنی اسرائیل ۲۴
کوئٹہ 12° صاف 18° / 8°فجر 05:39ظہر 12:18عصر 15:57مغرب 17:33عشا 18:57
بلوچستان کی آواز، اکتوبر 1970 سےکوئٹہ سے شائع ہونے والا روزنامہ · ایڈیٹر انچیف: جاوید احمد · ایڈیٹر: کامران جاوید
رانا ثنا اللہ کی صدر زرداری سے اپیل: نئے صوبوں پر بحث تعمیری رکھنے کے لیے بیٹوں کو سمجھائیںسعودی اتحاد کا جیزان میں حوثیوں کے دو بیلسٹک میزائل تباہ کرنے کا دعویٰمیرعلی میں آپریشن، خواتین کے بھیس میں رکشے پر فرار کی کوشش کرنے والے دہشت گرد ہلاک: سیکیورٹی ذرائعڈیرہ مراد جمالی: جعفر ایکسپریس کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش ناکام، ریلوے ٹریک کو جزوی نقصانبلاول بھٹو کا شکوہ: وزیراعظم معاشی منصوبہ لائیں تو ایک وزیر اپنا ایجنڈا سامنے رکھ دیتا ہےراولپنڈی ٹیسٹ: چوتھے روز 6 ہزار پولیس اہلکار سیکیورٹی اور ٹریفک ڈیوٹی پر تعیناتپاکستان اور ترکیہ کے توانائی تعاون میں نیا باب، سمندری علاقوں میں تیل و گیس کا سروےافغانستان میں دہشت گرد گروہوں سے رکن ممالک کو شدید خطرات: سلامتی کونسل کی سربراہویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی: آئرلینڈ کے ہاتھوں پاکستان ویمن ٹیم کو 9 وکٹوں سے شکستایران کے خلاف جنگ پر امریکی اخراجات 48 ارب ڈالر سے تجاوز، پینٹاگون سے حساب طلبمحمد عباس: سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی خوش آئند ہےنیٹ فلکس سیریز ‘جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو’ کا پہلا ٹریلر 24 نومبر کو ریلیز ہوگا

190 ملین پاؤنڈ کیس: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا کے دلائل تیار

190 ملین پاؤنڈ کیس: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا کے دلائل تیار
فائل فوٹو: عمران خان اور بشریٰ بی بی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں — تصویر: بشکریہ dunyanews.tv

اسلام آباد: 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا نے دلائل تیار کر لیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق دلائل میں کئی اہم نکات شامل کیے گئے ہیں، جن میں برطانوی اور پاکستانی قوانین کا جائزہ بھی پیش کیا گیا ہے۔

ان نکات میں برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) معاہدہ اور رقوم کی نوعیت، پاکستانی ٹرسٹ قوانین، بدلے میں فائدہ کے الزام کی تردید، عجلت میں ٹرائل اور شفافیت، مفروضوں پر مبنی سزا، اوقاتِ کار کا فرق، وفاقی کابینہ کا اجتماعی فیصلہ اور آئینی تحفظ، ذاتی مالی فائدے کا فقدان، کابینہ کے فیصلوں پر استثنیٰ، ٹرائل کے طریقہ کار اور شہادتوں پر اعتراضات شامل ہیں۔

این سی اے معاہدہ اور رقم کی ملکیت

190 ملین پاؤنڈ کیس، جسے القادر ٹرسٹ کیس بھی کہا جاتا ہے، میں وکلا صفائی بیرسٹر سلمان صفدر کا مؤقف ہے کہ برطانیہ کی این سی اے کے ساتھ ہونے والا تصفیہ خالصتاً سول معاہدہ تھا، جس میں جرم یا منی لانڈرنگ ثابت نہیں ہوئی تھی۔ برطانوی عدالت کے فیصلے کے مطابق یہ رقم پروسیڈز آف کرائم (جرم سے کمائی گئی دولت) قرار نہیں دی گئی تھی۔

رقم برطانیہ میں منجمد تھی اور فریقین معاہدے پر رضامند نہ ہوتے تو یہ رقم کبھی پاکستان نہ آتی۔ معاہدے کی شرائط کے تحت ہی یہ رقم سپریم کورٹ آف پاکستان کے اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی، نہ کہ براہِ راست حکومتِ پاکستان کے خزانے میں، کیونکہ منتقلی کا طریقہ کار برطانوی ادارے اور فریقین کے درمیان پہلے سے طے تھا۔

وکلا کے مطابق استغاثہ (نیب) نے برطانوی ایجنسی این سی اے کے کسی افسر کو بطور گواہ عدالت میں پیش نہیں کیا اور نہ ہی اصل معاہدے کی دستاویزات کو قانونی تقاضوں کے مطابق ثابت کیا۔

کابینہ کا اجتماعی فیصلہ

وکلا کے مطابق آئینِ پاکستان کے تحت وفاقی کابینہ کے فیصلے اجتماعی ذمہ داری کے زمرے میں آتے ہیں۔ دسمبر 2019 میں برطانوی ادارے کے ساتھ رازداری کے معاہدے کی منظوری اکیلے وزیرِ اعظم نے نہیں بلکہ پوری وفاقی کابینہ نے دی تھی۔

قانونی دلائل کے مطابق کابینہ کے کسی پالیسی یا انتظامی فیصلے پر صرف وزیرِ اعظم کو انفرادی طور پر فوجداری مقدمے میں سزا نہیں دی جا سکتی، جبکہ کابینہ کے دیگر اراکین کو اس کیس میں شریکِ ملزم نہیں بنایا گیا۔

ٹرسٹ کے قانونی اسٹیٹس پر وکلا کا مؤقف ہے کہ نیب آرڈیننس کی دفعہ 9 کے تحت کرپشن ثابت کرنے کے لیے ملزم کا ذاتی مالی فائدہ حاصل کرنا ثابت کرنا ضروری ہوتا ہے۔ دفاعی وکلا کے مطابق القادر یونیورسٹی ٹرسٹ ایک رجسٹرڈ رفاہی اور تعلیمی ٹرسٹ ہے، ذاتی ملکیت نہیں۔

پاکستانی قانون کے تحت ٹرسٹ کی جائیداد ہمیشہ ٹرسٹ یا عوام کی ملکیت رہتی ہے، اور بانی پی ٹی آئی یا بشریٰ بی بی نہ اس زمین کو فروخت کر سکتے ہیں، نہ اپنے نام منتقل کر سکتے ہیں اور نہ ہی اس سے کوئی ذاتی منافع حاصل کر سکتے ہیں۔ یونیورسٹی میں طلبہ کو مفت تعلیم فراہم کی جا رہی ہے، جس سے ذاتی فائدے کی نفی ہوتی ہے۔

ٹرائل اور شہادتوں پر اعتراضات

نیب کا الزام ہے کہ کابینہ کی منظوری کے بدلے زمین لی گئی، جبکہ وکلا کا مؤقف ہے کہ القادر یونیورسٹی کے لیے زمین عطیہ کرنے کا عمل برطانوی این سی اے کے حتمی تصفیے اور کابینہ کی منظوری سے مہینوں پہلے شروع ہو چکا تھا، اس لیے دونوں معاملات کو آپس میں جوڑنا محض مفروضوں پر مبنی ہے۔

وکلا کے مطابق نیب کی انکوائری شروع ہونے سے قبل ہی 190 ملین پاؤنڈ کے مساوی پوری رقم سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں منتقل ہو چکی تھی، یعنی قومی خزانے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا بلکہ رقم ایک آئینی ادارے (سپریم کورٹ) کے پاس جمع ہوئی تھی۔

فوجداری قانون کے مسلمہ اصول کے مطابق استغاثہ کو اپنا کیس ہر شک و شبہ سے بالاتر ثابت کرنا ہوتا ہے۔ دفاع کا مؤقف ہے کہ اس کیس میں براہِ راست کوئی ثبوت موجود نہیں اور سزا محض قیاس آرائیوں کی بنیاد پر دی گئی ہے۔

مبینہ طور پر فائدہ اٹھانے یا دینے والے مرکزی کردار عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور نہ ہی ان کے بیانات ریکارڈ ہوئے۔ ان کی عدم موجودگی میں صرف یکطرفہ سرکاری گواہوں پر انحصار کرنا قانونِ شہادت کے تقاضوں کے منافی ہے۔

اپیل میں یہ نکتہ بھی اٹھایا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ میں کارروائی غیر معمولی عجلت میں مکمل کی گئی اور جیل ٹرائل کی پابندیوں کے باعث ملزمان کو شفاف ٹرائل (آرٹیکل 10-A) سے متعلق مشکلات کا سامنا رہا۔

اشتہار