رونالڈو کا ٹی وی انڈسٹری میں قدم، پہلی سیریز ’Day 1s‘ کی پروڈکشن شروع

لزبن: پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے فٹبال کے میدان سے باہر نیا سفر شروع کرتے ہوئے اپنی پہلی ٹی وی سیریز Day 1s کی پروڈکشن شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
رونالڈو نے انسٹاگرام پر اس منصوبے کی خبر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پہلی ٹی وی سیریز کی تیاری شروع ہو گئی ہے اور مزید تفصیلات جلد سامنے آئیں گی۔
سیریز کی تفصیلات
Day 1s فٹبال کی دنیا پر مبنی ایک ڈرامہ سیریز ہے، جس میں ایک بڑی فٹبال ایجنسی کے کاروباری معاملات، طاقت کی کشمکش، معاہدوں اور باہمی تعلقات کو دکھایا جائے گا۔
سیریز میں معروف اداکار ڈیمین لیوس فٹبال ایجنٹ اسٹینلے ڈالٹن کا کردار ادا کریں گے۔ سابق فرانسیسی فٹبالر تھیری ہنری اور برطانوی ریپر ڈیو بھی اس منصوبے سے وابستہ ہیں، جبکہ ہنری سے سیریز میں مختصر کردار ادا کرنے کی توقع ہے۔
یہ سیریز رونالڈو اور برطانوی فلم ساز میتھیو وان کی قائم کردہ پروڈکشن کمپنی تیار کر رہی ہے، جس کا آغاز 2025 میں کیا گیا تھا۔ رونالڈو اس منصوبے کے ایگزیکٹو پروڈیوسر ہیں اور توقع ہے کہ وہ پہلی مرتبہ کسی اسکرپٹڈ ڈرامے میں اداکاری بھی کریں گے۔











