گوادر: 12 تا 15 دسمبر کی انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ

گوادر: ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی خصوصی ہدایات پر 12 تا 15 دسمبر 2026 کی انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ صحت اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
مہم کی تیاریاں اور ٹیمیں
اجلاس میں گزشتہ کارکردگی، بچوں کے ہدف، ٹیموں کی تشکیل، مائیکرو پلاننگ اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ مہم کے دوران ضلع گوادر میں پانچ سال سے کم عمر کے 35 ہزار 664 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے 207 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
ان میں 166 موبائل، 29 فکسڈ اور 12 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں، جبکہ نگرانی کے لیے 20 یو سی انچارجز اور 38 ایریا انچارجز تعینات کیے گئے ہیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عبدالشکور نے ہدایت کی کہ مہم سے قبل مائیکرو پلانز، فیلڈ ٹیموں کی تربیت، مؤثر نگرانی اور حساس علاقوں میں سیکیورٹی سمیت تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے اور ذمہ داریوں کی مؤثر ادائیگی کے ذریعے مہم کو کامیاب بنانے پر زور دیا۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر یاسر طاہر، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ میر عبدالغفور کلمتی ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر حفیظ بلوچ، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر جہانزیب خان درانی، ڈاکٹر غلام مجتبیٰ ڈویڑنل سپورٹ پولیو آفیسر اور پی پی ایچ آئی کے ضلعی منیجر ڈاکٹر منیر احمد بلوچ سمیت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔











