گوادر میں پاکستان اوورسیز انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ کے قیام کی مفاہمتی یادداشت

گوادر: 20 نومبر کو حکومت بلوچستان کی تعلیم دوست پالیسی، نوجوانوں کو جدید فنی و تکنیکی تعلیم سے آراستہ کرنے اور گوادر کو میری ٹائم و صنعتی ترقی کا مرکز بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
مفاہمتی یادداشت پر دستخط
گوادر پورٹ اتھارٹی، پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ، جامعہ گوادر اور چین کے معروف تعلیمی ادارے چنگ ڈاؤ ہاربر ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل کالج کے مابین گوادر میں پاکستان اوورسیز انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ اس منصوبے کا مقصد گوادر اور بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید فنی و پیشہ ورانہ تعلیم اور بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کرنا ہے۔
مجوزہ ادارے میں میرین انجینئرنگ، نیویگیشن ٹیکنالوجی، میری ٹائم سیفٹی، شپ ٹیکنالوجی اور بندرگاہی مشینری سمیت اہم شعبوں میں خصوصی تعلیمی و تربیتی پروگرام متعارف کرائے جائیں گے۔
پانچ سالہ تعاون اور عملی تربیت
سال 2026 سے 2030 تک پانچ سالہ تعاون کے تحت نصاب سازی، مشترکہ تعلیمی پروگراموں، اساتذہ کی تربیت، جدید تکنیکی مہارتوں، تحقیق اور عملی تربیت پر توجہ دی جائے گی، تاکہ مقامی نوجوانوں کو بندرگاہی، شپنگ اور میری ٹائم صنعت کی ضروریات کے مطابق ہنرمند بنایا جا سکے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نے کہا کہ تکنیکی تعلیم کو صنعتی اور بندرگاہی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس اقدام سے گوادر اور بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید مہارتیں حاصل کرنے اور مستقبل کے معاشی و روزگار کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر PCTVI پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد نے معاہدے کو فنی تعلیم کے فروغ اور ادارہ جاتی تعاون میں اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے صنعت کی ضروریات کے مطابق تعلیم و تربیت کے مواقع بڑھیں گے اور مقامی نوجوانوں کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافہ ہوگا۔
چنگ ڈاؤ ہاربر ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل کالج چین کے وائس پریذیڈنٹ و پارٹی سیکریٹری نے بھی تعلیمی و تکنیکی تعاون کے فروغ، مہارتوں کے تبادلے اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کے لیے اپنے ادارے کے تعاون کا یقین دلایا۔ شینڈونگ پورٹ گروپ کی معاونت سے طلبہ کو صنعتی ماحول میں عملی تربیت اور تکنیکی تجربات کے مواقع میسر آنے کی توقع ہے۔
یہ منصوبہ حکومت کی تعلیم دوست اور نوجوانوں کی فنی استعداد بڑھانے کی پالیسی کے تحت گوادر میں جدید تعلیم، تکنیکی مہارتوں اور پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا، جس سے مقامی نوجوانوں کو ترقی کے نئے مواقع میسر آئیں گے اور گوادر کی بندرگاہی و صنعتی اہمیت کے ساتھ تعلیمی تشخص بھی مزید مستحکم ہوگا۔











