کوئٹہ: ہزارہ ٹاؤن میں نان فروشوں کے خلاف کارروائی، 15 افراد گرفتار
کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ کی خصوصی ہدایات پر عوامی شکایات اور سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر بروری زوہیب آغا کی سربراہی میں ہزارہ ٹاؤن میں نان فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔
کارروائی کے دوران نان کے مقررہ وزن اور سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ خلاف ورزی کے مرتکب 15 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق عوام کو مقررہ وزن کے مطابق روٹی اور نان کی سرکاری نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی، کم وزن نان کی فروخت اور عوام کو ناجائز منافع خوری کے ذریعے نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ عوامی شکایات کے ازالے اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کریک ڈاؤن مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔











