پاکستان انڈر 19 ٹیم ایشیا کپ 2026 کے فائنل میں، ملک فیصل ایوب کھوکھر کی مبارکباد

لاہور: صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ACC مینز انڈر 19 ایشیا کپ 2026 کے فائنل میں کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کی۔ نوجوان کھلاڑیوں نے اپنی محنت، عزم اور بہترین کارکردگی سے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز کی یہ کامیابی ملک میں کرکٹ کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔ ان نوجوان کھلاڑیوں نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور انہیں مناسب مواقع اور سہولیات فراہم کرکے عالمی سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔
صوبائی وزیر کھیل نے مزید کہا کہ اگر فائنل میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت آمنے سامنے آئے تو یہ مقابلہ کرکٹ شائقین کے لیے انتہائی سنسنی خیز اور یادگار ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ کے فائنل میں قومی ٹیم کی کامیابی کے لیے پوری قوم دعاگو ہے۔ امید ہے کہ نوجوان شاہین فائنل میں بھی بہترین کھیل پیش کریں گے اور ایشیا کپ کی ٹرافی پاکستان کے نام کرنے میں کامیاب ہوں گے۔











