لورالائی: ڈاکٹر نواز کبزئی کا ہسپتال کا تفصیلی دورہ، نئی ڈائلاسز مشین خریدنے کی یقین دہانی

لورالائی: رکن صوبائی اسمبلی و چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ہیلتھ ڈاکٹر محمد نواز خان کبزئی نے ٹی نے ہسپتال لورالائی کا تفصیلی دورہ کیا۔
اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نقیب اللہ نیازی نے انہیں ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کرایا اور تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فہیم خان، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر نواز کبزئی نے گائنی، لیبر روم، آپریشن تھیٹر، پیڈز وارڈ، شعبہ حادثات، او پی جی روم، آئی پی آئی سینٹر، ایم ایس آفس، پیرا میڈیکس آفس، وارڈز، ڈائلاسز سینٹر اور باتھ رومز کا معائنہ کیا۔
ڈاکٹر نقیب اللہ نیازی نے ہسپتال کے مسائل، ان کے حل کے لیے کیے گئے اقدامات، اصلاحات، ملازمین کی حاضریوں، ڈاکٹرز کے مسائل، آپریشن تھیٹر و گائنی وارڈ کی فعالیت، پانی اور بجلی کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات سے آگاہ کیا اور ڈائلاسز مشین کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تعاون کی اپیل کی۔
پیرا میڈیکل فیڈریشن کی جانب سے اعزازیہ
پیرا میڈیکل اسٹاف فیڈریشن کے ضلعی صدر ملک رحیم کدیزئی کی جانب سے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نواز کبزئی کے اعزاز میں اعزازیہ دیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نقیب اللہ نیازی کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے ان کے اچھے کام کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
ڈاکٹر نواز کبزئی نے کہا کہ آج لورالائی ہسپتال جدید طرز کے ہسپتال کا منظر پیش کر رہا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر آپریشن ہو رہے ہیں، گائنی کے آپریشن بھی ہسپتال میں ہو رہے ہیں اور مریضوں کو ادویات ہسپتال سے ہی مل رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈائلاسز مشین واقعی بہت پرانی ہو چکی ہے، اس لیے نئی مشین خریدنے کے لیے اقدامات کریں گے۔ یہ ایک ڈویژنل لیول ہسپتال ہے، اس کے لیے سب کے تعاون کی ضرورت ہے۔
انہوں نے موجودہ صورتحال میں ایم ایس ڈاکٹر نقیب اللہ نیازی، ان کی ٹیم اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فہیم خان کے اچھے کام اور محنت پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔











