قطر کے وزیر داخلہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات، تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے قطر کے وزیر داخلہ اور کمانڈر انٹرنل سیکیورٹی فورس (لخویا) شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ الثانی نے جمعرات کو اسلام آباد میں وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔
وزیراعظم نے قطر کے معزز مہمان کا پاکستان کے پہلے دورے پر پرتپاک خیرمقدم کیا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کا اعادہ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس دورے سے دونوں ممالک کی وزارتِ داخلہ اور متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون مزید مستحکم ہوگا۔
وزیراعظم نے قطر کے امیر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان کے لیے قطری قیادت کی غیر متزلزل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے قطر کی جانب سے مائع قدرتی گیس کی مسلسل فراہمی کو سراہا، جو پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں معاون ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ تقریباً 3 لاکھ پاکستانی قطر میں کام کر رہے ہیں جو وہاں کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، خاص طور پر تجارت و سرمایہ کاری، زراعت، لائیو اسٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کان کنی و معدنیات کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔
سیکیورٹی تعاون
قطر کے وزیر داخلہ نے پاکستان میں مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور وزیراعظم تک قطر کے امیر کے تہنیتی پیغامات اور نیک خواہشات پہنچائیں۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار اور کوششوں کو سراہا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی، توانائی کے امور پر وزیراعظم کے معاون خصوصی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد ظفر اقبال اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے قطر کی انٹرنل سیکیورٹی فورس لخویا اور پاکستان کی فیڈرل کانسٹیبلری کے درمیان سیکیورٹی تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) اور منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایکشن پلان پر دستخط کی تقریب کا مشاہدہ کیا۔ قطر کے وزیر داخلہ اور پاکستان کے وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے اپنے اپنے ممالک کی جانب سے ان دستاویزات پر دستخط کیے۔
وزیراعظم نے قطر سے آئے وفد کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا۔











