تربت: ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس

تربت: 19 نومبر کو ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع کیچ میں محکمہ صحت کی مجموعی کارکردگی، سرکاری ہسپتالوں اور بنیادی مراکزِ صحت میں طبی سہولیات کی فراہمی، ملازمین کی حاضری، ادویات کی دستیابی اور غیر حاضر ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں شرکت اور بریفنگ
اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کیچ ڈاکٹر عبدالرؤف بلوچ، ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال تربت ڈاکٹر وحید بلیدئی، ڈائریکٹر پی پی ایچ آئی مکران مرتضیٰ بلوچ، ڈرگ انسپکٹر اکرم بلوچ، خزانہ آفیسر صدام بلوچ سمیت متعلقہ محکموں کے دیگر افسران نے شرکت کی۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کیچ ڈاکٹر عبدالرؤف بلوچ نے ضلع بھر میں محکمہ صحت کی کارکردگی، مختلف مراکز صحت میں طبی سہولیات کی فراہمی، ملازمین کی حاضری اور غیر حاضر ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی سمیت دیگر انتظامی امور کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کیچ کو تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈائریکٹر پی پی ایچ آئی مکران مرتضیٰ بلوچ نے بتایا کہ ضلع کیچ میں پی پی ایچ آئی کے تحت مجموعی طور پر 132 ملازمین مختلف بنیادی مراکزِ صحت (BHU) میں اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ غیر حاضری کی بنیاد پر رواں ماہ چار ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی کی گئی ہے، جبکہ ادارے کے پاس آئندہ چار ماہ کے لیے ادویات کا اسٹاک بھی موجود ہے۔
ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال تربت ڈاکٹر وحید بلیدئی نے ہسپتال کی کارکردگی اور انتظامی امور سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال میں اے آئی اٹینڈنس سسٹم کے حوالے سے بعض تکنیکی مسائل درپیش ہیں، تاہم رواں ماہ کسی ملازم کی غیر حاضری رپورٹ نہیں ہوئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہسپتال کے میڈیکل اسٹورز سے متعلق بعض مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے جن کے حل کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کی ہدایات
ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محکمہ صحت کے افسران پر زور دیا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری ہسپتالوں اور بنیادی مراکزِ صحت میں ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی حاضری یقینی بنائی جائے، غیر حاضر ملازمین کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے اور ادویات کی دستیابی و شفاف تقسیم پر خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صحت کا شعبہ براہِ راست عوامی فلاح و بہبود سے وابستہ ہے، اس لیے کسی قسم کی غفلت، لاپرواہی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں اور عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے باہمی رابطے اور مؤثر نگرانی کے نظام کو مزید فعال بنائیں۔











