تاجی چیک پوسٹ حادثہ: وزیر اعلیٰ کا زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم
کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے تاجی چیک پوسٹ کے قریب مسافر کوچ اور ایل پی جی باؤزر کے درمیان پیش آنے والے ٹریفک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ حادثے کے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ زخمیوں کی دیکھ بھال کے لیے تمام دستیاب طبی وسائل بروئے کار لائے جائیں اور امدادی سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ اور حادثات کے متاثرین کو بروقت طبی امداد کی فراہمی انتہائی اہم ہے، متعلقہ ادارے اس ضمن میں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے حادثے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
انہوں نے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔











