بلوچستان میں خاندانی منصوبہ بندی کی اشیا کے لیے ادارہ جاتی نظام پر مشاورت

کوئٹہ (آن لائن) محکمہ پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اور یو این ایف پی اے کے زیراہتمام بلوچستان میں ادارہ جاتی کوانٹیفکیشن کمیٹی کو فعال بنانے کے لیے مشاورتی اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا، جس میں صوبے میں بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں ڈائریکٹر پی ایم سی ٹی محمدایوب، یو این ایف پی اے کی پروگرام کوارڈی نیٹر سعدیہ عطا، نوراللہ، الماس سومر، حبیبہ ایم جمعہ، محمد یعقوب، ڈپٹی ڈائریکٹر پی ڈبلیو ڈی محمدطارق، ولی محمد، زاہداقبال، ایم عالم، نذیر احمد، صلاح الدین کاسی، جہانزیب، ڈپٹی ڈائریکٹر ناصر خان، پی ڈبلیو ڈی کے لطیف محمدحسنی، کامران جمیل، زارا بی بی، ماہرہ اور ڈاکٹر نجیب نے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ، یو این ایف پی اے اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر آبادی کو کنٹرول کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
اجلاس کا بنیادی مقصد صوبے میں خاندانی منصوبہ بندی اور تولیدی صحت سے متعلق اشیا کی ضروریات کا مربوط انداز میں تخمینہ لگانا، سپلائی پلاننگ کو بہتر بنانا اور مشترکہ خریداری کے عمل کو مؤثر بنانا ہے۔ مقررین کے مطابق اس کے لیے صوبائی سطح پر ایک مربوط ادارہ جاتی نظام تشکیل دیا جا رہا ہے، جس کی توجہ مربوط پیش گوئی، فراہمی کی منصوبہ بندی اور خریداری کو مضبوط بنانے پر مرکوز ہے۔
مقررین نے کہا کہ آبادی میں تیزی سے ہونے والے اضافے سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ ہر فرد کو مساوی مواقع فراہم کیے جائیں اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت سمت میں بروئے کار لایا جائے۔
اجلاس میں متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور منصوبہ بندی کے عمل کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا گیا۔











