وزیراعظم شہباز شریف کا قرضوں سے نجات کے لیے قومی اتحاد اور مشکل فیصلوں پر زور

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اتوار کو کہا ہے کہ قرضوں کے بوجھ سے نجات کے لیے قومی اتحاد اور مشکل فیصلے ناگزیر ہیں۔ وہ اسلام آباد میں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیراعظم کے مطابق سیاسی جماعتوں اور معاشرے کے تمام طبقات کا اجتماعی عزم ملک کو معاشی خودانحصاری کی منزل تک پہنچا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قرض گزشتہ 80 برس میں بڑھتا رہا ہے، تاہم اگر قوم متحد ہو کر ضروری فیصلے کرے تو اس بوجھ سے نکلا جا سکتا ہے۔
شہباز شریف نے معاشی مشکلات کی ایک وجہ سبسڈیز کو قرار دیا اور کہا کہ ان پر خرچ ہونے والی رقم ٹیکس دہندگان کی جیب سے آتی ہے۔ ان کے بقول پاکستان ایسی مالی معاونت کے بغیر بھی آگے بڑھ سکتا تھا۔
انہوں نے خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں پر خرچ ہونے والی بھاری رقوم اور ٹیکس چوری کے مسئلے کی بھی نشاندہی کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ مقصد کسی پر الزام لگانا نہیں بلکہ ان مسائل کی وجوہات جان کر ان کا حل تلاش کرنا ہے۔
گزشتہ ڈھائی سال میں حکومتی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے تعاون سے کئی مسائل حل کیے گئے۔ جیو نیوز کے مطابق وزیراعظم نے سفارتی اور دفاعی کامیابیوں کو معاشی فوائد میں بدلنے کی بھی ضرورت پر زور دیا۔











