سافٹ ویئر انجینئر کی تنخواہ سے اداکاری کا ایک دن کا معاوضہ زیادہ: نمیر خان

لاہور: اداکار نمیر نواز خان نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ چھوڑ کر شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے اور اس دوران پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں اظہارِ خیال کیا ہے۔
احمد علی بٹ کی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے نمیر خان نے بتایا کہ آئی ٹی کے طالب علم کی حیثیت سے وہ خود کو زیادہ ذہین نہیں سمجھتے تھے اور کسی بھی چیز کو سیکھنے کے لیے دوسروں کے مقابلے میں زیادہ وقت اور محنت درکار ہوتی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ 2015 میں ملازمت کے دوران وہ اکتا گئے تھے۔ جم جانا اور اپنی شخصیت کو بہتر رکھنا ان کا شوق تھا۔ اسی دوران انہیں ایک ایجنسی کے بارے میں معلوم ہوا جہاں اشتہارات اور فیشن شوٹس کے ذریعے شوبز میں آنے کا موقع مل سکتا تھا، جس کے بعد انہوں نے قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا۔
اداکار کے مطابق انہیں اپنا پہلا اشتہار سجل علی اور مومنہ مستحسن کے ساتھ کرنے کا موقع ملا۔
کارپوریٹ ملازمت اور اداکاری سے حاصل ہونے والی آمدن کا موازنہ کرتے ہوئے نمیر خان نے بتایا کہ سافٹ ویئر انجینئر کی حیثیت سے 30 دن کی محنت کے بعد ملنے والی تنخواہ کے مقابلے میں انہیں اداکاری کے صرف ایک دن کے کام کا معاوضہ کہیں زیادہ ملا۔











