بلاول سمیت سارے لیڈر بتائیں سسٹم کیسے ری سیٹ کریں: بیرسٹر گوہر

راولپنڈی: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کا سسٹم کولیپس کا بیان تاخیر سے آیا۔ بلاول سمیت سارے لیڈر بتائیں کہ سسٹم کو کیسے ری سیٹ کریں، یہ سارے ذاتی مفاد کے لیے اکٹھے ہوئے اور جس نے جو فائدہ لینا تھا لے لیا۔
داہگل ناکہ پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا کہ وہ انصاف مانگتے ہیں، یہ ان کا حق ہے۔ بانی نے ملک کی تینوں بڑی عدالتوں کے چیف جسٹس کو خط لکھا۔ ان کا مطالبہ ہے کہ بانی اور ان کی فیملی کا علاج کرایا جائے اور انہیں علاج پر شکایت نہ ہونے دی جائے۔
نظام اور قومی حکومت
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ علیمہ خانم کی نظر بندی کے 60 دن پورے ہو گئے۔ پنجاب میں کسی غیر سیاسی خاتون نے اتنی طویل نظر بندی نہیں گزاری، یہ سسٹم کولیپس کی نشان دہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب کے قوانین تبدیل کر کے اپنے کیسز ختم کروا لیے گئے اور ای وی ایم کو نکال کر کہا گیا کہ سسٹم کو ٹھیک کر رہے ہیں۔ آپ نے اقتدار لیا، آپ بینیفشری ہیں، ضرور کسی اور نے آپ کو اس کرسی تک پہنچایا۔ سسٹم کو ری سیٹ کرنا ہے تو عوامی فلاح و بہبود اور جمہوریت کے لیے کرنا ہے، جمہوریت میں سارے اسٹیک ہولڈر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول نے اپنے بیان میں تسلیم کر لیا کہ پی ٹی آئی کے بغیر بات نہیں بنے گی، یہ بھی اسٹیک ہولڈر ہیں اور ان کا اعتماد بحال کرانا ہوگا۔ نظام پر اعتماد تب بحال ہوگا جب لوگوں کو انصاف ملے گا۔ اس نظام میں الیکشن صاف شفاف اور عدلیہ آزاد ہوگی۔ وہ کسی ایک کو بھی شک کا فائدہ نہیں دیں گے۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق کراچی میں 15 سیٹیں ایم کیو ایم کے پاس گئیں۔ یہ لوگ آپس کے مفادات کے لیے اکٹھے ہو جاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ جمہوریت کے لیے ہے، جب ان کے مفادات کو ٹھیس پہنچتی ہے تو دوسری طرف ہو جاتے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت میں شامل تمام جماعتیں اس سسٹم کی بینیفشری ہیں۔ یہ وقت ہے کہ نیشنل حکومت کی طرف آئیں، آزاد عدلیہ اور الیکشن کمیشن قائم کریں، انتخابات کرائیں، سب استعفیٰ دیں اور فوری نیشنل حکومت بنائیں اور ہمیں انصاف دیں۔ نیشنل حکومت بنے گی تو یقیناً سب کچھ نیا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی کے بغیر کچھ نہیں ہے، جو کچھ ہوگا بانی کے فیصلے سے ہی ہوگا۔ قومی حکومت میں پارٹی حصہ دار نہیں ہے، جو بھی کریں گے بانی سے مشورہ کر کے کریں گے۔
بانی کا خط اور ملاقاتیں
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اس وقت حکومت کا جو مینڈیٹ ہے وہ غلط ہے۔ چیف جسٹس بانی کے خط کو درخواست تصور کر کے کارروائی کریں، ان کا علاج اور شکایات دور کروائیں، دوبارہ عدالتی نمائندہ بھیج کر سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کروائیں۔ بانی نہ این آر او، نہ فیورٹ، نہ ریلیف مانگ رہے ہیں، وہ صرف اپنا حق مانگ رہے ہیں۔ بانی نے خط کے ذریعے کہا کہ ان سے انصاف کریں اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے، اور ان کا انصاف یہ ہے کہ سب سے پہلے ان کے حقوق بحال کریں۔
انہوں نے بتایا کہ ملاقات کے دو نام عدالت نے دیے، پہلا نام لطیف کھوسہ کا تھا، پھر ان کی استدعا پر سلمان صفدر کا نام شامل ہوا۔ ملاقات کے بعد جو بات چیت ہوئی وہ ابھی کی بات نہیں۔ سب سے پہلی بات یہ ہے کہ بانی کی ملاقات کو ڈسکلوز نہیں کرنا چاہیے تھا۔ پارٹی لیڈرز سے ہمیشہ کہا کہ جو بات کرنی ہے پارٹی کے پلیٹ فارم سے باہر نہ کریں۔ شکر ہے کہ دو بندے ملاقات کو چلے گئے، ایک سیاسی بندہ بھی وکیل کے ساتھ چلا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ پیپلز پارٹی سے کوئی لانگ ٹرم قربت ہو سکتی ہے، دونوں کی پالیسی میں بڑا فرق ہے۔ ملاقاتیں کھل کر ہونی چاہئیں اور ہر لفظ پر سیاسی اور آئینی قدغن نہیں ہونی چاہیے۔ بانی سے ملاقات کے لیے پسند ناپسند کی پالیسی ہرگز نہیں ہونی چاہیے۔ جو لیڈر بانی سے مل کر جائے اسے متنازع نہیں بنانا چاہیے۔ ہم سیاسی جماعت ہیں، اختلاف اٹھانے پر کسی کو نکال تو نہیں سکتے۔ ملاقات کے بعد جب توجہ ڈائیورٹ کرائی جاتی ہے تو بانی کے مؤقف سے ہٹ جاتے ہیں۔
بشریٰ بی بی کی صحت
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ساری جماعت بانی اور بشریٰ کی صحت پر فوکس کرے، بجائے اس کے کہ آپس کے اختلاف میں پڑیں۔ پارٹی میں کوئی گروپنگ نہیں، سلمان اکرم راجہ کو نظر آ رہی ہے تو آ رہی ہوگی، اختلاف رائے ضرور ہوگا۔
ان کے مطابق بشریٰ بی بی سیل میں سات سانپوں کی غلط خبر کیوں باہر بھیجیں گی، اس میں رپورٹ فائل کرنے کی ضرورت نہیں، جیل انتظامیہ اس کا ازالہ کرے۔ اب تک جو ہونا تھا ہو گیا، اب وقت ہے اسے درست کریں۔ بشریٰ بی بی کو اس وقت تک ہسپتال میں رکھیں جب تک ڈاکٹر نہ کہے کہ وہ مکمل صحت یاب ہو گئی ہیں۔
دریں اثنا بانی پی ٹی آئی عمران خان سے آج ملاقات کا دن تھا، مگر کسی پارٹی لیڈر، وکیل یا فیملی ممبر کو ملاقات کی اجازت نہ ملی۔ داہگل ناکہ پر آئے بیرسٹر گوہر واپس روانہ ہو گئے۔ عمران خان کی دو بہنیں، سلمان اکرم راجہ، نیاز اللہ نیازی، فردوس شمیم نقوی سمیت چند کارکن فیکٹری ناکہ پر موجود رہے۔











