ببرک شاہ کا سابقہ گھر میں پراسرار واقعات کا انکشاف

لاہور:
اداکار ببرک شاہ نے اپنے سابقہ گھر میں پیش آنے والے پراسرار اور خوفناک واقعات سے متعلق حیران کن انکشافات کیے ہیں۔
تابش ہاشمی کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے اداکار نے بتایا کہ گھر میں ایسے غیر معمولی واقعات پیش آتے تھے جنہوں نے انہیں خوفزدہ کر دیا تھا اور ان کے لیے اکیلے سونا بھی مشکل ہو گیا تھا۔
ببرک شاہ کے مطابق جب بھی وہ اپنا موبائل فون چارجنگ پر لگاتے تو کچھ دیر بعد وہ اپنی جگہ سے ہٹا ہوا کسی دوسری جگہ رکھا ملتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ایک مرتبہ وہ بیٹھ کر کام کر رہے تھے کہ واش روم میں فلش چلنے کی آواز سنائی دی، حالانکہ اس وقت وہاں کوئی موجود نہیں تھا۔
رات کے وقت پیش آنے والے واقعات
اداکار کے مطابق سونے کی کوشش کے دوران کبھی محسوس ہوتا کہ کوئی ان کی ٹانگیں کھینچ رہا ہے یا ہلا رہا ہے، جبکہ بعض اوقات ایسا لگتا جیسے کوئی ان کے بالوں میں انگلیاں پھیر رہا ہو۔
ان کا کہنا ہے کہ گھر کے دروازے بھی زور زور سے ہلتے تھے، جس سے محسوس ہوتا تھا جیسے کوئی کمرے میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا ہو۔
ان مسلسل واقعات کے باعث وہ اتنے خوفزدہ ہو گئے کہ اکیلے سونا چھوڑ دیا اور رات اپنی بہنوں کے کمرے میں گزارنے لگے۔
ببرک شاہ کے مطابق انہوں نے اس صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے باقاعدگی سے اذان دینا اور نماز ادا کرنا شروع کر دی، تاہم خوفناک واقعات جاری رہنے پر بالآخر انہوں نے گھر چھوڑ کر دوسری جگہ منتقل ہونے کا فیصلہ کیا۔











