صحافی عوامی مسائل پر حکومتوں کی توجہ دلاتے ہیں، زبردستی نئے صوبوں کے حامی نہیں: بلاول

کراچی: سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں سیاسی قیدیوں کو آزاد کرنا پڑے گا، آج نہیں تو کل یہ ہونا ہے۔
کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جس مشکل میں پاکستان کے عوام آج ہیں ایسا کبھی نہیں دیکھا۔
پریس کلب میں میٹ دی پریس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، سعید غنی، ایم این اے شرمیلا فاروقی، ایم این اے شازیہ مری، رمیش کمار، پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، وقاص شوکت، شکیل چوہدری ودیگر موجود تھے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ودیگر کا کراچی پریس کلب کے قائم مقام صدر نے استقبال کیا، اسلم خان گورننگ باڈی کے اراکین ودیگر موجود تھے۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ غربت، بیروزگاری اور مہنگائی تیزی سے بڑھ رہی ہے، میں ان حالات میں خوف زدہ ہوں کہ عوام کا کیا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فکر مند ہوں کہ غریب اور پسماندہ طبقے کا ان حالات میں کیا ہوگا، آج ملک جس مشکل میں ہے اس پر بات کرنا ضروری ہے، بین الاقوامی حالات سب کے سامنے ہیں، خطے میں جو ہو رہا ہے سب کے سامنے ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ غریب کو سوچنا پڑتا ہے کہ بچوں کی تعلیم کو دیکھے یا روٹی، دنیا میں جو جنگیں چل رہی ہیں یہ حالات اس سے جڑے ہیں، یہ حکمران سب موضوعات کو چھیڑ رہے ہیں مگر عوام کا نہیں سوچتے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام مہنگائی کے باعث بجلی کا بل دیکھتے ہوئے خوفزدہ ہوتے ہیں، عوام کے لیے بزرگوں کا علاج کرانا یا گھر کا چولہا جلانا مشکل ہو گیا ہے۔ حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ عوام کا بوجھ کم کریں، اس کے لیے اقدامات کریں، مگر حکمران نفرت اور تقسیم کی بات کر رہے ہیں، اصل مسائل پر بات نہیں کرتے۔
سسٹم اور پارلیمان
انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک غیر سیاسی نہیں، سیاسی ری سیٹ کی ضرورت ہے، سسٹم کولیپس نہیں بلکہ سسٹم کو کولیپس کروایا گیا، سسٹم کولیپس ہونے میں میں بھی ذمہ دار ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کو پارلیمان پر بالکل بھی اعتماد نہیں ہے، اپوزیشن کا اعتماد پارلیمان میں بحال کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، اپوزیشن کے پاس حقیقی وجہ ہے کہ ان کا پارلیمان پر اعتماد نہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کی ذمہ داری ہے کہ ہم پر تنقید کریں، اپوزیشن رہنما ہم پر تنقید کرتے ہیں تو یہ ان کا حق ہے، اپوزیشن تنقید کرے تو ان کے خلاف کارروائیاں کی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو مولانا فضل الرحمن کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، مولانا فضل الرحمن نے جو کردار پی ڈی ایم میں کیا اس کے بغیر آپ کرسی پر نہ ہوتے، کچھ شرم کریں، حیا کریں۔
میڈیا اور جمہوری روایات
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ ہمارے اداروں کے اعتماد کو بحال کرنا ہوگا، میڈیا اور پارلیمنٹ سمیت ہر ادارے پر اعتماد بحال کرنا ہوگا، ہمیں سب سے پہلے عوام کا اداروں پر اعتماد بحال کرنا ہوگا، شاید تاریخ میں ہمارا میڈیا اتنا کمزور نہیں ہوا جتنا آج ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب تاریخی ادارہ ہے، کراچی پریس کلب نے جمہوری روایات کے لیے اہم کردار ادا کیا، قلم کی طاقت سب سے بڑی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ صحافی عوام کے مسائل پر حکومتوں کو توجہ دلاتے ہیں، پاکستان کی تاریخ میں ہم نے بہت مشکل وقت دیکھا ہے، جو طاقت صحافیوں کے پاس ہے وہ کسی کے پاس نہیں، یہ طاقت گولی اور ہتھیار سے زیادہ ہے۔
اعتماد ڈیسک











