اڈیالہ جیل: لیگل ٹیم کو بیانیے پر زور دینے اور کل کی پیشی ہنگامہ خیز بنانے کی ہدایت

اسلام آباد: اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان کی لیگل ٹیم کو کیس کی تیاری سے زیادہ بیانیے پر زور دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔
عمران خان کی لیگل ٹیم نے آج کوآرڈینیشن کانفرنس میں کل کی پیشی کو ہنگامہ خیز بنانے کی حکمت عملی طے کر لی ہے۔
عدالت میں حکمت عملی
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگل ٹیم کو ہدایت دی گئی کہ کل عدالت میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت کا معاملہ اٹھایا جائے۔ عمران خان نے لیگل ٹیم کو کہا کہ بلڈ پریشر ہائی اور 85 فیصد بینائی ختم ہونے کا دعویٰ عدالت میں کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق لیگل ٹیم کو کہا گیا کہ بشریٰ بی بی کے سیل میں سانپ، بچھو اور خراب حالات کا شور مچایا جائے۔
لیگل ٹیم کا منصوبہ ہے کہ کل اسلام آباد ہائی کورٹ میں کارروائی کو تاخیری حربوں سے روکا جائے۔
ذرائع نے بتایا کہ لیگل ٹیم چاہتی ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ سردیوں کی چھٹیوں تک ملتوی ہو جائے۔ لیگل ٹیم کو ہدایت ہے کہ عدالت میں شور کر کے فیصلے کی قانونی حیثیت کو متنازع بنایا جائے۔
میڈیا اور کیس کی سمت
ذرائع کے مطابق لیگل ٹیم کی حکمت عملی ہے کہ کیس کو طول دے کر میڈیا اسپیس، کیمرہ اور لائم لائٹ برقرار رکھی جائے۔ لیگل ٹیم کا فوکس کیس کی میرٹ پر نہیں، صحت کے بیانیے اور کارروائی میں رکاوٹ پر ہے۔
اعتماد ڈیسک











