پی ٹی آئی 28ویں آئینی ترمیم پر متفق ہوئی تو عمران خان کی رہائی ممکن: مروت

لاہور: رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے 28ویں آئینی ترمیم پر متفق ہونے کی صورت میں عمران خان کی رہائی کا امکان موجود ہے۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ شاید بانی پی ٹی آئی کی جلد ہسپتال منتقلی ہو جائے گی، ان حالات میں توقع ہے کہ بغیر کسی ڈیل کے اچھے رویوں کا آغاز ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب ایک طرف سے اچھا رویہ سامنے آتا ہے تو دوسری طرف سے بھی اس کا جواب دیا جاتا ہے، اگر پارٹی 28ویں آئینی ترمیم پر متفق ہوتی ہے تو عمران خان کی رہائی بھی ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی کا مذاکرات کا اکاؤنٹ کبھی بند ہوا ہی نہیں، ضرورت کے تحت دونوں اسے استعمال کرتے رہے۔
سہیل آفریدی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں تھا، اللہ نے انہیں جو موقع دیا انہوں نے اسے ضائع کر دیا۔
ان کے مطابق عمران خان نے وکلا سے ملاقات میں کہا کہ سہیل آفریدی نے جو تحریک چلائی اس سے تحریک اور پارٹی کو کافی نقصان پہنچا ہے، اور وہ اس بات پر اضطراب کا شکار تھے کہ اس نے ایسا کیوں کیا اور وہ اسلام آباد کیوں نہیں آ رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ایک اشارہ دیا ہے کہ پارٹی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا متبادل نام سامنے لایا جائے، کیونکہ گزشتہ تین سالوں میں ان کی کارکردگی پارٹی کے لیے کوئی خاص خدمت انجام نہیں دے سکی۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کو سسٹم میں واپس آنے کے لیے اپنی طرف سے بھی خیرسگالی کا اظہار کرنا ہوگا، کیونکہ اب پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ ایک دوسرے کے دشمن تصور کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے اس حوالے سے کئی مرتبہ شروعات ہوئی لیکن ہم نے اپنی طرف سے مثبت جواب نہیں دیا۔ ابھی وقت ہے کہ اپنی سیاسی حیثیت کا احساس کرتے ہوئے عمران خان اور پارٹی کے اکابرین کی تکالیف کو مدنظر رکھتے ہوئے پارٹی خیرسگالی کے اظہار کے طور پر کوئی قدم اٹھائے۔











