ٹوئنکل کھنہ کا اکشے کمار پر مزاحیہ طنز، سوشل میڈیا پر وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکار اکشے کمار اور ان کی اہلیہ کے درمیان شو کے دوران فون پر ہونے والی بات چیت کے تبصرے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اکشے کمار حالیہ قسط میں روی کشن کے ہمراہ مقبول ٹاک شو کافی ود کرن سیزن 9 میں شریک ہوئے۔ شو کے ایک تفریحی راؤنڈ کے دوران اکشے نے اپنی اہلیہ اور مصنفہ ٹوئنکل کھنہ کو فون ملایا، تاہم انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ٹوئنکل کے تیکھے اور مزاحیہ جملوں کا نشانہ بن جائیں گے۔
شو میں 5 پوائنٹس حاصل کرنے کے ٹاسک کے تحت اکشے نے ٹوئنکل کو فون کیا۔ فون اٹھاتے ہی ٹوئنکل نے شکایت کی کہ رات بھر مشکل سے نیند آئی تھی، کیونکہ صبح 6 بجے بھجن چلا کر اور انوپ جلوٹا کی طرح بلند آواز میں گا کر نیند خراب کر دی گئی۔ انہوں نے طنزاً کہا کہ کم از کم باتھ روم کا دروازہ تو ٹھیک سے بند کر لیا کریں۔
جب اکشے نے بتایا کہ وہ شو میں موجود ہیں اور کرن جوہر چاہتے ہیں کہ ٹوئنکل ریپڈ فائر راؤنڈ کو جج کریں، تو ٹوئنکل نے حیرت اور مزاحیہ انداز میں کہا کہ انہیں علم نہیں تھا کہ وہ آج یہ کام کر رہے ہیں اور مفت میں کام کر رہے ہیں۔ اس پر کرن جوہر نے تفریحاً اعتراض کیا کہ کیا انہیں ہر چیز کے پیسے چاہئیں۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے اس جوڑی کی کیمسٹری اور حاضر جوابی کو خوب سراہا۔ واضح رہے کہ اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ نے 17 جنوری 2001 کو شادی کی تھی اور ان کے دو بچے آرو اور نتارا ہیں۔











