گلوکار طفیل سنجرانی کی چوری شدہ گاڑی کراچی سے برآمد

کراچی: معروف گلوکار طفیل سنجرانی کی چوری شدہ گاڑی برآمد ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق ان کی گاڑی گزشتہ روز بلدیہ ٹاؤن کے اسپتال کے باہر سے چوری ہوئی تھی، جس پر انہوں نے شدید احتجاج کیا اور پولیس کو گاڑی کی برآمدگی کے لیے الٹی میٹم دیا تھا۔
گلوکار طفیل سنجرانی نے گاڑی چوری کا مقدمہ مدینہ کالونی تھانے میں درج کروایا، جس میں کہا گیا کہ طبی معائنے کے بعد ہسپتال سے باہر آئے تو گاڑی غائب تھی۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے چوری شدہ گاڑی کی تلاش شروع کی اور ناظم آباد میں قائم سرکاری ہسپتال کے قریب سے گلوکار کی گاڑی برآمد کر لی۔
ترجمان آئی جی سندھ کے مطابق گلوکار کی چوری ہونے والی گاڑی اے وی ایل سی پولیس نے برآمد کی، جس پر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے اے وی ایل سی پولیس ٹیم کو شاباش دی۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ گاڑی چوری کی واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جائیں، جبکہ ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
گلوکار طفیل خان نے پولیس کا شکر گزار ہونے کا اظہار کیا۔











