علی ظفر نے جاوید اختر کی میزبانی کی وجہ بتا دی

لاہور: گلوکار اور اداکار علی ظفر نے بھارتی نغمہ نگار جاوید اختر کو اپنے گھر عشائیے پر مدعو کرنے کی وجہ بتا دی۔
جاوید اختر نے فروری 2023 میں اپنے دورۂ پاکستان کے دوران متنازع بیانات دیے تھے، جس کے بعد علی ظفر کی جانب سے ان کی میزبانی پر بھی سوالات اٹھائے گئے تھے۔
ایک پوڈکاسٹ میں انٹرویو کے دوران اس واقعے کا ذکر کرتے ہوئے علی ظفر نے بتایا کہ جاوید اختر نے گھٹنے کی تکلیف کے باعث فرش پر بیٹھنے سے معذرت کرتے ہوئے کرسی فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔ دیگر مہمان فرش پر بیٹھے ہوئے تھے، تاہم مہمان نوازی کے تقاضے کے تحت انہوں نے جاوید اختر کے لیے کرسی کا انتظام کر دیا تھا۔
علی ظفر نے وضاحت کی کہ جب جاوید اختر ان کے گھر آئے تھے، اس وقت تک انہیں ان کے متنازع بیانات کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا، کیونکہ وہ فیض میلے میں شرکت کے بعد سیدھا ان کے گھر آئے تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ جاوید اختر نے گھر آنے کے بعد ان سے اس حوالے سے بات نہیں کی۔ اگر انہیں ان بیانات کا پہلے سے علم ہوتا تو وہ یا تو اس پر معذرت کرتے یا انہیں بتاتے کہ کسی ملک کا مہمان بن کر وہاں قیام کے دوران اس طرح کے عمومی بیانات دینا نامناسب اور حقائق کے منافی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بعد میں جاوید اختر نے خود ان سے رابطہ کیا اور اس تنازع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میاں، یہ ہو گیا ہے۔











