بانی پی ٹی آئی صحت کی بنیاد پر ریلیف اور سزا کا خاتمہ چاہتے ہیں: احسن اقبال

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو سزا حکومت نے نہیں بلکہ عدالت نے دی ہے، وہ صحت کی بنیاد پر ریلیف اور سزا کا خاتمہ چاہتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے کوئی انتقامی رویہ نہیں رکھا گیا، ان کی پارٹی بڑی دیر سے این آر او کا مطالبہ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی صحت کی بنیاد پر اپنے لیے ریلیف اور سزا کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا یافتہ ہیں، یہ سزا حکومت نے نہیں بلکہ عدالت نے دی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کے 60 ارب روپے کا معاملہ درگزر کرنا ہے تو تمام قیدیوں کے لیے عام معافی کا اعلان کر دیا جائے۔ برطانیہ سے آنے والی رقم نجی اکاؤنٹ میں جمع کرائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ امریکا، برطانیہ اور یورپ میں کوئی لیڈر ایسا کرے تو زندگی بھر عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے گا، یہ پاکستان ہی ہے جہاں 190 ملین پاؤنڈ کے معاملے کے باوجود مظلومیت کی دہائی دی جا رہی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نواز شریف اور بیگم کلثوم نواز کی بیماری کا مذاق اڑایا کرتے تھے، وہ ہمیں بیماری پر طعنے دیتے اور انتقام کا نشانہ بناتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے بازو کے آپریشن کے تیسرے روز نیب سے طلبی کا نوٹس آیا اور مجھے گرفتار کیا گیا۔ ڈاکٹر کی ہدایت کے باوجود فزیوتھراپی کی سہولت نہیں دی گئی، میرا بازو پوری زندگی کے لیے ٹیڑھا رہ گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے پناہ مانگنی چاہیے، انسان جو بولتا ہے وہی اس کے سامنے آتا ہے۔ اللہ تعالیٰ بانی پی ٹی آئی کو احساس دلا رہے ہیں کہ کسی کی بیماری کا مذاق نہیں اڑانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو تمام ضروری طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، جس علاج کی ان کو ضرورت ہوتی ہے وہ فراہم کیا جاتا ہے، ہمیں ان کی صحت سے متعلق ہمدردی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو دیسی مرغ سمیت مرغن ناشتہ اور من پسند خوراک دی جاتی ہے، وہ اچھی خوراک کے ساتھ علاج کی سہولت بھی حاصل کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی قیدی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں ہونی چاہیے، ہم بانی پی ٹی آئی سمیت تمام قیدیوں کے بنیادی حقوق یقینی بنانے پر یقین رکھتے ہیں۔











