خلیجِ فارس میں بدامنی کا ذمہ دار امریکا و اسرائیل، عباس عراقچی کا ای سی او اجلاس سے خطاب

اسلام آباد: ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے خلیجِ فارس اور آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی بدامنی کا ذمہ دار امریکا اور اسرائیل کو ٹھہراتے ہوئے خطے میں سلامتی کا ایک ایسا نظام قائم کرنے پر زور دیا ہے جس کی بنیاد ایک دوسرے پر حملہ نہ کرنے اور ہمسایہ ممالک کے درمیان زیادہ تعاون پر ہو۔
پیر کو اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے دوسرے روز خطاب کرتے ہوئے عباس عراقچی نے واشنگٹن اور اسرائیل پر ایسی پالیسیاں اپنانے کا الزام لگایا جن سے خطے کا امن و استحکام متاثر ہوا، سمندری سکیورٹی کو نقصان پہنچا اور توانائی کی فراہمی کو خطرات لاحق ہوئے۔
ایران کے خبر رساں ادارے تسنیم کی جانب سے جاری کردہ تقریر کے متن کے مطابق عباس عراقچی نے کہا کہ خلیجِ فارس میں بدامنی اور آبنائے ہرمز کے گرد پیش آنے والے واقعات کی وجہ امریکا کی ایران مخالف پالیسیاں اور امریکا و اسرائیل کی مشترکہ جارحیت ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے دوران 5 ہزار سے زیادہ ایرانی شہری ہلاک ہوئے، جن میں مناب کے ایک اسکول کے 168 طلبہ اور اساتذہ بھی شامل ہیں۔ ان کے بقول ان حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر اور کئی اعلیٰ سیاسی و فوجی حکام بھی مارے گئے۔
عراقچی نے کہا کہ ایران مسلسل سفارت کاری اور تنازعات کے پرامن حل کی حمایت کرتا رہا ہے، تاہم انہوں نے امریکا پر فوجی جارحیت، معاشی دباؤ، پابندیاں عائد کرنے اور ناکہ بندیوں کا سہارا لینے کا الزام لگایا۔
ایرانی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ تہران اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ تعمیری تعلقات چاہتا ہے اور ان کے ساتھ اس کا کوئی بنیادی تنازع نہیں۔ تاہم ان کا زور تھا کہ خطے کے ممالک کی سرزمین اور فوجی تنصیبات دوسرے ممالک کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہئیں۔
ان کے مطابق ایران کے جوابی حملوں کا ہدف پڑوسی ممالک کے عوام یا حکومتیں نہیں بلکہ ان ممالک کے فوجی اڈے اور تنصیبات تھیں جنہیں وہ ایران پر حملوں کا ذمہ دار سمجھتا ہے۔
تعاون کا نظام اور توانائی کا تحفظ
عباس عراقچی نے ای سی او ممالک پر زور دیا کہ وہ مکالمے، باہمی احترام اور عدم جارحیت کے اصولوں کی بنیاد پر ایسا علاقائی سلامتی کا نظام قائم کریں جس میں تمام ممالک شامل ہوں اور جس کی قیادت خطے کے ممالک خود کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نظام کے تحت کسی تیسرے فریق کو ایک ملک کی سرزمین، فضائی حدود یا بنیادی ڈھانچے کو دوسرے ملک پر حملے کے لیے استعمال کرنے سے روکا جانا چاہیے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ خطے میں جاری کشیدگی توانائی کے تحفظ کو متاثر کر رہی ہے، اس لیے رکن ممالک کے درمیان تعاون مزید اہم ہو گیا ہے۔ انہوں نے توانائی کی ترسیل کو محفوظ بنانے اور اس کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے قابلِ اعتماد اور پائیدار علاقائی نظام کی تجویز دی۔
اجلاس میں ایرانی وزیرِ خارجہ نے تجارت، نقل و حمل اور توانائی کو ای سی او کے مستقبل کے تعاون کے تین اہم ستون قرار دیا، اور کہا کہ معیشتوں کو ایک دوسرے کے ساتھ زیادہ مربوط کرنے سے رکن ممالک بیرونی دباؤ کا بہتر مقابلہ کر سکیں گے۔











