رَّبِّ ارْحَمْهُمَا كَمَا رَبَّيَانِي صَغِيرًا اے میرے رب! ان دونوں پر رحم فرما جیسے انہوں نے بچپن میں مجھے پالا بنی اسرائیل ۲۴
کوئٹہ 18° صاف 20° / 7°فجر 05:36ظہر 12:17عصر 15:58مغرب 17:34عشا 18:57
بلوچستان کی آواز، اکتوبر 1970 سےکوئٹہ سے شائع ہونے والا روزنامہ · ایڈیٹر انچیف: جاوید احمد · ایڈیٹر: کامران جاوید
امریکی سپریم کورٹ کا کیلیفورنیا کے امپلیسٹ بائس کورسز کے خلاف درخواست سننے سے انکارایران کی ‘ڈرٹی بم’ رپورٹس کی تردید، ٹرمپ کا رپورٹ کو ‘انتہائی سنجیدگی’ سے لینے کا اعلانرانا ثنا اللہ کا دعویٰ: بلاول کا 27ویں ترمیم پر بیان نااہلی کی بنیاد بن سکتا ہےپیٹرول تین روپے سستا، 18 نومبر سے نئی قیمت 325 روپے فی لٹرکچھی: ریلوے ٹریک دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا، کوئی جانی نقصان نہیںترکمانستان سے گوادر تک گیس پائپ لائن منصوبے پر کام کا آغازمس یونیورس 2026 کے لیے 3 ہزار 150 ہیروں سے سجا تاج تیارریڈیو پاکستان حملہ کیس: تیمور جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم پشاور ہائیکورٹ کے باہر گرفتارترک فضائیہ کے کمانڈر کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، دفاعی تعلقات مستحکم کرنے کا عزمٹرمپ چین کے اہم دورے سے قبل منیلا پہنچ گئے، فلپائن میں مسلسل پانچویں روز احتجاجایمن خان اور منیب بٹ کو برطانوی پارلیمنٹ میں خصوصی اعزازاتعراقچی کی عمانی ہم منصب بدر البوسعیدی سے ملاقات، آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کے خاتمے پر غور

پاکستان اور ترکمانستان کا توانائی تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور ترکمانستان کا توانائی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان اور ترکمانستان نے علاقائی توانائی تعاون، بجلی کی ترسیل کے نظام کو وسعت دینے اور اہم ٹرانسمیشن منصوبوں کی تکمیل کے لیے باہمی اشتراک مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے ترکمانستان کے وزیر توانائی اناگیلدی ساپاروف سے ملاقات میں ترکمانستان، افغانستان اور پاکستان (ٹاپ) پاور ٹرانسمیشن منصوبے کو عملی شکل دینے، کاسا1000 منصوبے میں علاقائی شمولیت بڑھانے اور گوادر کی مستقبل کی توانائی ضروریات پوری کرنے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ توانائی تعاون، علاقائی گرڈ کنیکٹیویٹی اور ٹاپ منصوبے کی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

کاسا1000 اور گوادر کی بجلی ضروریات

اویس لغاری نے ترکمان وزیر توانائی کو کاسا1000 منصوبے کا حصہ بننے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ تاجکستان اور کرغزستان کو بھی کاسا1000 ٹرانسمیشن لائن ازبکستان اور ترکمانستان تک توسیع دینے کی ترغیب دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گوادر میں مستقبل کی صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کے باعث بجلی کی طلب میں غیر معمولی اضافے کی توقع ہے، جس کے پیش نظر ایران اور ترکمانستان باہمی اشتراک سے ایرانی گرڈ کے ذریعے گوادر کو بجلی کی فراہمی بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیں۔

اویس لغاری نے تجویز دی کہ اس مقصد کے لیے دونوں ممالک کے توانائی ماہرین پر مشتمل مشترکہ گروپ تشکیل دیا جا سکتا ہے جو ایران کے راستے بجلی کی ترسیل بڑھانے کے تکنیکی اور معاشی امکانات کا جائزہ لے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان علاقائی توانائی منڈیوں کے انضمام اور عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ٹاپ اور کاسا1000 منصوبوں کی کامیابی کے لیے معاشی اور مالیاتی پہلوؤں کو مدنظر رکھنا انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اس وقت بجلی کی پیداوار میں سرپلس رکھتا ہے اور ملک میں مسابقتی توانائی منڈی متعارف کرانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ ان کے مطابق کاسا1000 منصوبے کو یکطرفہ کے بجائے دوطرفہ بنانے سے اس کی معاشی اور مالیاتی پائیداری میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

ٹاپ منصوبے کی پیش رفت

اویس لغاری نے مزید بتایا کہ ٹاپ منصوبے کے سات بنیادی ڈیٹا سیٹس میں سے تین پاکستان فراہم کر چکا ہے، جبکہ ترکمانستان کی جانب سے بھی مطلوبہ معلومات کے تبادلے میں تیزی لانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے تجویز دی کہ تکنیکی ورکنگ گروپس کا اجلاس جلد منعقد کیا جائے تاکہ چند ہفتوں میں منصوبے کے حوالے سے واضح روڈ میپ مرتب کیا جا سکے۔

ترکمانستان کے وزیر توانائی اناگیلدی ساپاروف نے ٹاپ پاور ٹرانسمیشن منصوبے کی تکمیل کے لیے اپنے ملک کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے خطے کے 30 کروڑ سے زائد افراد کو بجلی فراہم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ترکمانستان افغانستان تک ٹرانسمیشن لائن بچھانے کا کام مکمل کر چکا ہے، جبکہ افغانستان سے کوئٹہ تک تقریباً 1,150 کلومیٹر طویل منصوبے کے باقی ماندہ مراحل اور فزیبلٹی کا جائزہ تکنیکی ورکنگ گروپ لے گا۔

ترکمان وزیر توانائی نے یقین دہانی کرائی کہ ترکمانستان مطلوبہ ڈیٹا جلد فراہم کرے گا اور ٹاپ منصوبے سے متعلق امور کو ذاتی نگرانی میں حل کرانے کے لیے اقدامات کریں گے۔

ملاقات میں تکنیکی مسائل کے حل، فزیبلٹی اسٹڈی کی تکمیل اور منصوبے پر پیش رفت تیز کرنے کے لیے دونوں ممالک کے فوکل پرسنز کے درمیان باقاعدہ رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کو پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان علاقائی توانائی روابط کے فروغ اور مستقبل میں بجلی کی ترسیل کے نئے امکانات پیدا کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

موضوعات:
اشتہار