غیر محتاط الزام تراشی انسانی زندگیوں کے لیے خطرہ، صدر اور وزیراعظم کا یوم برداشت پر پیغام

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ غیر محتاط الزام تراشی اور نفرت انگیز پیغام انسانی زندگیوں کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔
عالمی یوم برداشت کے موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ اسلام ہمدردی، انصاف اور انسانی وقار کے احترام کا درس دیتا ہے، تمام شہری قانون کی نظر میں برابر ہیں اور قانون کے مساوی تحفظ کے حقدار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو آن لائن سرگرمیوں میں بھی اسی احترام کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ عوامی اداروں کو امتیازی سلوک اور تشدد پر اکسانے کے خلاف سختی سے کارروائی کرنی چاہیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ اختلافات کے باوجود دوسروں کے عقائد اور نظریات کا احترام ہی برداشت کا اصل مفہوم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات صبر و برداشت، ہمدردی، عدل و انصاف اور احترامِ انسانیت کے لیے مشعل راہ ہیں۔ علمائے کرام، اساتذہ، ذرائع ابلاغ بالخصوص نوجوان تعصب کو مسترد کریں۔











