عمران خان کے خط پر اپوزیشن رہنماؤں کا مشترکہ اعلامیہ، اعلیٰ عدلیہ سے فوری نوٹس کا مطالبہ

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کے چیف جسٹس کے نام خط پر اپوزیشن رہنما محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس نے مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ خط میں بیان کردہ حالات اور جیل میں روا رکھے گئے سلوک پر شدید تشویش ہے۔
دونوں رہنماؤں نے کہا کہ عمران خان کی صحت، طویل تنہائی اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کے الزامات نہایت تشویش ناک ہیں۔ اہلِ خانہ اور وکلا سے ملاقاتوں پر پابندی اور طبی سہولیات کی عدم فراہمی نظامِ انصاف پر سوالیہ نشان ہے۔ سابق وزیراعظم کو طبی نگہداشت اور اہلِ خانہ سے ملاقات جیسے بنیادی حقوق کے لیے اعلیٰ عدلیہ سے فریاد کرنا پڑ رہی ہے۔
اعلامیے کے مطابق کسی بھی قیدی کو علاج، انسانی رابطے، وکیل تک رسائی اور منصفانہ سماعت سے محروم رکھنا قابلِ قبول نہیں۔ عمران خان کی طویل تنہائی اور بیرونی دنیا سے رابطے کی بندش کی تفصیلات انتہائی تکلیف دہ ہیں۔ زیرِ حراست شخص کو مسلسل ذہنی اور جسمانی اذیت میں مبتلا رکھنا انسانی حقوق اور جیل قوانین کے منافی ہے۔ ان کے ساتھ جیل میں مبینہ سلوک مصر کے سابق صدر محمد مرسی کے حالات کی یاد دلاتا ہے۔
ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ہر قیدی کی زندگی، صحت اور انسانی وقار کا تحفظ یقینی بنائے۔
عدالتی احکامات پر عملدرآمد
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔ ماہرین پر مشتمل میڈیکل بورڈ کی تشکیل اور طبی علاج سے متعلق عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ بشریٰ بی بی کی بینائی کو لاحق خطرات اور طبی سہولیات میں رکاوٹوں پر بھی شدید تشویش ظاہر کی گئی۔
محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ بشریٰ بی بی کے طبی ریکارڈ تک رسائی اور مناسب علاج کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اعلیٰ عدلیہ عمران خان کے خط میں اٹھائے گئے تمام معاملات کا فوری نوٹس لے۔ عمران خان کی زندگی، صحت اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر عدالتی اقدامات کیے جائیں۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے تمام مقدمات کی سماعت بلاجواز تاخیر کے بغیر یقینی بنائی جائے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مقدمات کو غیر ضروری التوا میں رکھنے کے بجائے قانون اور انصاف کے مطابق میرٹ پر فیصلے کیے جائیں۔ انصاف کی فراہمی میں تاخیر بذاتِ خود انصاف سے محرومی کے مترادف ہے۔ کسی شخص کو غیر معینہ مدت تک مقدمات کے بوجھ تلے قید رکھنا اور حقِ دفاع متاثر کرنا عدالتی اصولوں کے منافی ہے۔ عمران خان کو فوری مناسب طبی سہولیات فراہم کرنے اور سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں عمران خان کی اہلِ خانہ اور وکلا سے ملاقات یقینی بنانے اور تمام مقدمات کا شفاف، غیر جانب دارانہ اور بروقت فیصلہ کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ رہنماؤں کے مطابق ان کا مطالبہ کسی خصوصی رعایت کا نہیں بلکہ آئین، قانون اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا انصاف کے لیے خط پورے نظامِ انصاف کے لیے ایک امتحان ہے۔ اعلیٰ عدلیہ سے اپیل ہے کہ بہت دیر ہونے سے پہلے انصاف، انسانی ہمدردی اور آئینی ذمہ داریوں کے تقاضے پورے کیے جائیں۔











