بانی پی ٹی آئی کا خط حقائق کے منافی، این آر او کی درخواست ہے: وفاقی وزیر پارلیمانی امور

اسلام آباد: وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے جیل سے چیف جسٹس صاحبان کو جو خط لکھا، وہ حقائق کے منافی ہے، یہ خط دراصل این آر او کی درخواست ہے۔ دوسروں کو این آر او کا طعنہ دینے والے آج خود اس کے طلبگار ہیں۔
پیر کو پارلیمنٹ چیمبر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ریلیف صرف عدالتوں سے مل سکتا ہے۔ ان کے بقول وہ کسی سیاسی انتقام کے باعث نہیں بلکہ 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا کے بعد قید ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ قومی خزانے میں آنے تھے، مگر ملک ریاض کے اکاؤنٹ میں بھیجے گئے، اور ملک ریاض نے 190 ملین پاؤنڈ کے بدلے بانی پی ٹی آئی کو ساڑھے چار سو کنال زمین تحفے میں دی۔ ان کے مطابق 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس واضح اور ٹھوس شواہد پر مبنی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ خط میں طبی سہولتوں کی عدم فراہمی اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے کے الزامات بے بنیاد ہیں۔
جیل میں سہولتیں اور طبی دیکھ بھال
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی 22 گھنٹے قیدِ تنہائی، کتابوں اور ٹیلی ویژن کی عدم دستیابی سے متعلق دعوے درست نہیں ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں تمام سہولتیں فراہم ہیں، ان کی پسند کا کھانا بھی دیا جاتا ہے، اور وہ اس وقت پاکستان کے سب سے زیادہ سہولت یافتہ قیدی ہیں۔
ان کی صحت سے متعلق خط میں کیے گئے دعوے درست نہیں ہیں۔ ان کی صحت کا ہفتہ وار بنیاد پر طبی ماہرین جائزہ لیتے اور معائنہ کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ طبی ماہرین کی ضرورت پر بانی پی ٹی آئی کا جیل سے باہر بہترین طبی سہولت میں معائنہ کرایا جاتا ہے۔ انہیں آٹھ مرتبہ پمز میں بہترین طبی سہولت کے ساتھ معائنے کے لیے دکھایا گیا، اور ڈاکٹروں نے ان کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔
ان کے بلڈ پریشر کے معائنے کے لیے لندن سے ایسے ڈاکٹر کو بلایا گیا جو پاکستان میں بھی پریکٹس کرتے ہیں، اور بلڈ پریشر کی صورتحال تسلی بخش ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جیل میں سہولتوں، طبی دیکھ بھال اور صحت کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ حکومت نے بانی پی ٹی آئی کی دیکھ بھال میں نہ پہلے غفلت برتی اور نہ آئندہ کسی غفلت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔











