آبی حقوق پر یکطرفہ بھارتی اقدام اعلانِ جنگ ہوگا، فن لینڈ کے وفد سے ملاقات میں یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی قوت اور امن پسند ملک ہے۔ پاکستان نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور دنیا کو یہ پیغام دیا کہ وہ خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان کو اس کے جائز آبی حقوق سے محروم کرنے کے لیے بھارت کا کوئی بھی یکطرفہ اقدام اعلانِ جنگ تصور ہوگا۔ یہ خیالات انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں فن لینڈ کے نائب وزیر برائے بین الاقوامی تجارت عزت مآب مسٹر جارنو سیرجالا اور اعلیٰ سطحی کاروباری وفد سے ملاقات کے دوران ظاہر کیے۔
چیئرمین سینیٹ نے 75 سالہ سفارتی دوستی کو متحرک اور نتیجہ خیز اقتصادی شراکت داری میں بدلنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کے مطابق تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مشترکہ منصوبوں کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے اس دورے کو تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ 75 سال میں پہلی مرتبہ فن لینڈ کا وزارتی سطح کا کاروباری وفد پاکستان آیا ہے۔
سرمایہ کاری اور پارلیمانی تعاون
انہوں نے ٹیلی کمیونیکیشن، جدید صنعت سازی، قابلِ تجدید توانائی، معدنیات، مصنوعی ذہانت اور صنعتی ترقی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات اجاگر کیے۔ اقتصادی تعاون کے لیے منظم مذاکراتی عمل، مشترکہ اقتصادی کمیشن اور دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدے کی تجویز بھی پیش کی۔
پارلیمانی سفارت کاری کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے باقاعدہ پارلیمانی تبادلوں، پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کے روابط اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ عوامی سطح پر روابط، تعلیمی و ثقافتی تبادلوں اور کاروباری برادریوں کے قریبی تعلقات کو دیرپا دوستی کی بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے فن لینڈ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم پل قرار دیا اور وفد کو انٹر پارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
فن لینڈ کی تعلیم، جدت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں عالمی مہارت کو سراہتے ہوئے انہوں نے فنی و پیشہ ورانہ تربیت، نرسنگ، مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور ڈیجیٹل مہارتوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ قابلِ تجدید توانائی، موسمیاتی تبدیلیوں، آبی وسائل کے انتظام، پائیدار زراعت اور معدنیات کی پراسیسنگ میں فن لینڈ کی مہارت سے استفادہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
چیئرمین سینیٹ نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے سینیٹ آف پاکستان کے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور امید ظاہر کی کہ یہ تاریخی دورہ اور فن لینڈ پاکستان بزنس سمٹ 2026ء تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے نئے امکانات پیدا کرے گا۔











