بابل خان نے سوشل میڈیا ٹرولنگ اور جذباتی مزاج پر خاموشی توڑ دی

ممبئی: نوجوان بھارتی اداکار بابل خان نے سوشل میڈیا ٹرولنگ سے نمٹنے اور اپنے جذباتی مزاج پر خاموشی توڑ دی۔
مرحوم بھارتی اداکار عرفان خان کے بیٹے بابل خان اپنے جذباتی رویے اور انکساری کی وجہ سے اکثر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کا نشانہ بنتے رہے ہیں، جسے بعض لوگ اوور ایکٹنگ یا بناوٹی قرار دیتے ہیں۔
حال ہی میں ایک گفتگو کے دوران بابل خان نے ان تمام تبصروں پر کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے 2024 میں ایک تقریب کے دوران غلطی سے ایک خاتون کی تصویر کے سامنے آ جانے پر بار بار معذرت کرنے والی ویڈیو پر ہونے والی ٹرولنگ کا ذکر کیا۔
بابل خان نے کہا، "میرا وہ ردِعمل بالکل فطری تھا، تاہم اس وقت میرے اندر کچھ ہچکچاہٹ ضرور تھی کہ لوگ شاید اسے غلط رنگ دیں۔"
انڈسٹری میں 6 سالہ تجربے پر بات کرتے ہوئے بابل نے کہا، "میں جیسا ہوں ویسا ہی رہوں گا۔ اپنی اصل شخصیت کے ساتھ جینے پر مجھے بہت کچھ سہنا پڑا، لیکن اب مجھے کوئی پرواہ نہیں۔"
ان کے مطابق تکلیف اب بھی ہوتی ہے مگر اس کا اثر بہت کم رہ گیا ہے۔ "میں نے خود کو اس منفی تجربے سے الگ کر کے آگے بڑھنا سیکھ لیا ہے۔"











