کینیڈین گلوکار شان مینڈس کا فلسطین سے اظہار یکجہتی، غزہ میں تشدد روکنے کا مطالبہ

ٹورنٹو: معروف کینیڈین گلوکار شان مینڈس نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں جاری تشدد ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
گلوکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تفصیلی پیغام شیئر کیا، جس میں انہوں نے فلسطینی بچوں اور خاندانوں کی مشکلات پر تشویش ظاہر کی۔
شان مینڈس نے غزہ کی صورتحال کو نسل کشی قرار دیتے ہوئے کہا کہ معصوم لوگوں کا قتل عام فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی بچے اور خاندان طویل عرصے سے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اور انہیں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد کی ضرورت ہے۔
گلوکار نے مزید کہا کہ وہ خود بھی اس تنازع کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور دیگر فنکاروں، دوستوں اور مداحوں کو بھی آگاہی حاصل کرنے کی ترغیب دی ہے۔
انہوں نے مداحوں پر زور دیا کہ وہ عطیات دینے، دوسروں کو آگاہ کرنے اور ذمہ دار حکام سے جواب طلب کرنے جیسے اقدامات میں حصہ لیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اجتماعی کوششوں کے ذریعے متاثرہ افراد کی مدد ممکن ہے۔











