انڈر 19 ایشیا کپ فائنل: بھارت نے پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے دی

مسقط: انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔ گرین شرٹس کی جانب سے دیے گئے 338 رنز کا ہدف بھارتی ٹیم نے آخری گیند پر حاصل کر لیا۔
پاکستان نے روایتی حریف بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی قیادت فرحان یوسف کر رہے تھے۔ 11 رکنی ٹیم میں عثمان خان، حیام خان، عبد القادر، احمد حسین، حسنین عباس، وکٹ کیپر بیٹر حمزہ ظہور، محمد صیام، نقاب شفیق، رضوان اللہ اور علی رضا شامل تھے۔
میچ کے آغاز پر ہی عبدالقادر اور عثمان خان نے بھارتی بولرز کی لائن اور لینتھ بگاڑ دی اور دونوں نے نصف سنچری مکمل کی۔ عبدالقادر 54 گیندوں پر 80 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد عثمان خان نے سنچری مکمل کی، تاہم وہ 111 گیندوں پر 107 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے، جن میں عثمان خان اور عبدالقادر ٹاپ اسکورر رہے۔ بھارت کے کاویہ پریش پٹیل نے 4 اور چگوروپتی وینکٹے نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
دو سو باون رنز پر بھارت کی آٹھ وکٹیں گرنے کے بعد پاکستان کی فتح یقینی نظر آ رہی تھی۔ تاہم موہت لیوا نے صرف 25 گیندوں پر 49 رنز کی اننگز کھیل کر بھارت کو ٹائٹل جتوا دیا۔ احمد حسین کی آخری گیند پر تین رنز درکار تھے، جس پر موہت لیوا نے چوکا لگا کر فتح حاصل کی۔











