مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی میں مسلسل تیسرا مالیاتی سرپلس ریکارڈ

اسلام آباد: وفاقی وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی مالیاتی کارکردگی میں بہتری محض عارضی نہیں بلکہ مسلسل مالیاتی نظم و ضبط اور معاشی استحکام کی عکاس ہے۔ مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی میں سالانہ بنیاد پر مسلسل سرپلس ریکارڈ کیا گیا۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق مسلسل 23 سال پہلی سہ ماہی میں مالیاتی خساروں کے بعد گزشتہ تین سال سے مالیاتی سرپلس کا تسلسل برقرار ہے۔
پہلی سہ ماہی کے اعداد و شمار
مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی میں مالیاتی سرپلس 1.274 ٹریلین روپے، یعنی جی ڈی پی کا 0.9 فیصد رہا۔ بنیادی سرپلس 2.974 ٹریلین روپے، یعنی جی ڈی پی کا 2.1 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ پہلی سہ ماہی میں بنیادی سرپلس بجٹ ہدف سے 239 ارب روپے، یعنی 8.7 فیصد زیادہ رہا۔
مالی سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں 1.896 ٹریلین روپے، مالی سال 2026 میں 2.119 ٹریلین روپے اور مالی سال 2027 میں 1.274 ٹریلین روپے کا مالیاتی سرپلس ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ تین سال میں پہلی سہ ماہی کے بنیادی سرپلس کی 26 سال کی تین بلند ترین سطحیں ریکارڈ کی گئیں، اور یوں ہر سال سرپلس 2.9 ٹریلین روپے سے زائد رہا۔
گزشتہ مالی سالوں کا جائزہ
وزارت خزانہ کے مطابق مالی سال 2026 میں مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 2.6 فیصد تک محدود رہا، جو 22 سال کی کم ترین سطح ہے۔ مالی سال 2026 میں بنیادی سرپلس جی ڈی پی کا 2.9 فیصد رہا، جو کم از کم مالی سال 2001 کے بعد بلند ترین سطح ہے۔ مالی سال 2024 سے 2026 تک مسلسل تین مالی سال بنیادی سرپلس ریکارڈ کیا گیا۔
مالی سال 2026 میں سود کے اخراجات میں 22 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ مالی سال 2027 کے بجٹ میں ٹیکس ریلیف اقدامات کے باوجود پہلی سہ ماہی میں مالیاتی نظم و ضبط برقرار رہا اور اخراجات قابو میں رکھے گئے۔
وزارت خزانہ کے مطابق مالیاتی اصلاحات، مسلسل مالیاتی سرپلس اور قرضوں کے پائیدار انتظام سے ملک کی مالیاتی ساکھ، معاشی استقامت اور پائیدار ترقی کو تقویت ملے گی۔











