بجلی اور گیس کی سبسڈی کا نیا نظام، آئی ایم ایف کی شرائط پر تیاری

اسلام آباد: حکومت نے بجلی اور گیس صارفین کو سبسڈی دینے کا نیا طریقہ کار تیار کر لیا ہے۔ آئی ایم ایف نے بجلی صارفین کے لیے یکم جنوری سے نیا نظام نافذ کرنے کی شرط رکھی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن اور وزارت پیٹرولیم نے نئی اکنامک سوشل رجسٹری تیار کر لی ہے۔ سبسڈی کے نئے نظام پر عملدرآمد کا فیصلہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں قائم اسٹیئرنگ کمیٹی کرے گی۔ نئے نظام پر عملدرآمد سے پہلے ٹیسٹ رن کیا جائے گا۔
آئی ایم ایف نے بجلی صارفین کے لیے یکم جنوری جبکہ گیس صارفین کے لیے فروری 2027 سے نیا نظام نافذ کرنے کی شرط رکھی ہے۔ تاہم حکومت موجودہ سبسڈی کا طریقہ کار 30 جون 2027 تک برقرار رکھنا چاہتی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر ریلیف مزید چھ ماہ جاری رکھنے کا معاملہ آئی ایم ایف کے سامنے اٹھایا جائے گا۔ حکومت 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سبسڈی میں چھ ماہ توسیع دینے کے لیے کوشاں ہے۔
آئی ایم ایف نے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کی سبسڈی یکم جنوری 2027 سے ختم کرنے کا ہدف دے رکھا تھا۔ حکومتی کوشش کامیاب ہوئی تو 200 یونٹ تک بجلی پر سبسڈی یکم جولائی 2027 سے ختم ہوگی۔
آئی ایم ایف نے بجلی سبسڈی صرف بی آئی ایس پی کے رجسٹرڈ مستحقین تک محدود کرنے کا ہدف دیا ہے۔ گیس کے کم استعمال پر سبسڈی بھی بی آئی ایس پی کے رجسٹرڈ مستحقین تک محدود کرنے کی شرط ہے۔











